• news

وطن پر جان نثار کرنے والے بہادر سپوت قوم کے ہیروہیں :شہباز شریف

لاہور+رائے ونڈ(خصوصی رپورٹر+نامہ نگار)وزیر ا علیٰ شہبازشریف شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے 21 سالہ سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کی جو ہر ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید کے والدین،بہن بھائیوں اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہیدعبدالمعید کی روح کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر اعلیٰ نے شہید عبدالمعید کی مادر وطن کیلئے عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالمعید نے جواں عمری میں جام شہادت نوش کرکے بہادری اور جرأت کی مثال قائم کی اورپاکستان کے اس سپوت نے بہادری کے جوہر دکھاتے ہوئے اپنی جان وطن پر نچھاور کی۔بلاشبہ وطن پر جانیں نثار کرنیوالے یہ بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں اورعبدالمعید جیسے دلیر بیٹے پاک دھرتی کا فخر ہیں۔انہوںنے کہاکہ عبدالمعید نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ عبدالمعید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ عبدالمعید جیسے پاکستان کے دلیر بیٹوں نے قیمتی لہو سے امن کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پوری قوم کو شہید عبدالمعید کی بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔شہید نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کرکے عظیم مثال قائم کی ہے اور پاکستان کیلئے جام شہادت نوش کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔میں شہید کے والدین کو ان کی ہمت پر سلام پیش کرتا ہوں۔وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں ایک منصوبے کو سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید شہید سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ شہبازشریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔بزرگ جوڑے نے مسئلہ حل کرنے پر شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارا 30 سال پرانا مسئلہ حل کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا ہے ،جس پرہم آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ شہبازشریف نے میری 2 بیٹیوں کی شادیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں اوروزیراعلیٰ شہبازشریف ہمارے جیسے غریب خاندان کا سہارا بنے ہیں اورہمیں انصاف دیاگیاہے۔ محمد شہبازشریف نے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے بھتیجے ملک عمران شفیع کھوکھر کے جاں بحق ہونے پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیا اور عمران شفیع کھوکھرکی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ نے سی سی پی او کوہدایت کی کہ فائرنگ میں ملوث ملزموں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے اورمجھے کیس میں ہونے والی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔وزیراعلیٰ نے معروف عالم دین علامہ مفتی محمدامین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن