• news

سیکرٹری خارجہ کی طلبی چیئرمین نیب نے شریف خاندان کے خلاف برطانیہ سے شواہد جلد اکٹھے کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد (نامہ نگار+ وقائع نگار+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) شریف خاندان کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کا عمل تیز اور جلد مکمل کیا جائے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو نیب ہیڈکوارٹرز طلب کر کے ملاقات کی ہے جس میں شریف خاندان کے خلاف مقدمات میں برطانیہ سے کاغذات کی تصدیق کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو نیب ہیڈکوارٹرز میں طلب کرکے ملاقات کی ہے جس میں شریف خاندان کے خلاف زیرالتوا مقدمات کے سلسلے میں برطانیہ سے کاغذات کی تصدیق کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا تمام سفارتی ذرائع استعمال کرکے تمام کاغذات اور خط و کتابت کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جائے اور تمام کاغذات باقاعدہ کارروائی کے ذریعے اور تصدیق کے بعد نیب کے حوالے کئے جائیں تاکہ احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرتے وقت کوئی اعتراض نہ اٹھایا جا سکے۔ اس سلسلے میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن کو بھی جلد از جلد کارروائی مکمل کرکے تمام شواہد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس عمل میں کوئی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزارت خارجہ تمام شواہد قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد نیب کے حوالے کرے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے چیئرمین نیب کو شریف خاندان کے خلاف شواہد کے حصول سے متعلق بریفنگ دی۔ نیب نے لندن فلیٹس ریفرنس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے بیرون ملک سے تمام مصدقہ ریفرنس میں دستاویزات طلب کر رکھی ہیں۔ علاوہ ازیں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان نیب کی جانب سے گذشتہ روز جاری اعلامیہ کے مطابق کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذمہ داران نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مبینہ طور پر زمینوں کی غیر قانونی لیز اور تعمیرات کیں۔ چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب بلوچستان کو کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی سرکاری اراضی کی بندر بانٹ، قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مبینہ طور پر زمینوں کی غیر قانونی لیز اور تعمیرات اور مبینہ بدعنوانی کی شکایات پر انکوائری کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق رکن صوبائی اسمبلی جواد کامران کھر اور دیگرکے خلاف مبینہ طور پر 827 کنال سرکاری زمین غیر قانونی طریقے سے ہتھیانے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب ملتان کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ، جمعہ کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین نیب نے راج کمار ایکس گلوبل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو، سریش کمار، فیصل خرم اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پربد عنوانی کرنے، سادہ لوح عوام کو برے پیمانے پر لوٹنے اور ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی جو کہ 4 کروڑ 80 لاکھ روپے ہیں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور دوماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین نیب نے رکن صوبائی اسمبلی سردار احمد علی دریشک، متروکہ وقف املاک کے افسران اور دیگر کے خلاف متروکہ وقف املاک کے افسران کے ساتھ مبینہ طورپر مل کر متروکہ وقف املاک کی 98 کنال اور 3 مرلہ زمین پر قبضہ کرنے اور بعدا زاں فروخت کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب ملتان کو شکایت کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور 2 ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن