• news

نائن الیون حملے کے ملزم پکڑوانے میں مددکرنی چاہئے تھی :عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کسی عدالت نے 25سال تک لاڈلے کا کیس نہیں سنا۔ ملک کے ادارے مفلوج ہوچکے ہیں، ملک کو ذلیل کرنے والے ہمارے آج کے حکمران میر جعفر‘میر صادق ہیں، نواز شریف کی سوچ جارج بش جیسی ہے، ٹرمپ نے جو بیان دیئے اس کی ذمہ دار بھی سیاسی اشرافیہ ہے اور ملک میں اچھی قیادت لانے کے لیے قبل ازوقت انتخابات ضروری ہیں، شریف برادران نے تیسری باری حاصل کرنے کے لیے امریکا کی منتیں کیں ،فضل الرحمان نے امریکیوں سے کہا کہ وزیراعظم بنا تو اچھے تعلقات رکھنا میرے پاس بیچنے کیلئے سیٹیں ہیں، نائن الیون حملہ آوروں کو پکڑوانے میں مدد کرنی چاہیے تھی، زرداری نے این آر او کے خلاف بات کی، ہو سکتا ہے اللہ نے ہدایت دے دی ہو،سپریم کورٹ نے نیب کی نااہلی کی وجہ سے حدیبیہ کیس روک دیا ہے۔وہ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔عمران خان نے کہا کہ اصغر خان کو بڑا سیاستدان مانتا تھا، اصغر خان کالاڈلے کے خلاف کیس 25سال تک نہیں سنا گیا، پاکستان نے کسی اور کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں، امریکہ نے 16سال افغان جنگ لڑی، ناکامی کا ملبہ ہم پر ڈال دیا، امریکہ کے کہنے پر ہم نے اپنے قبائلی علاقے تباہ کر دیئے، سیاسی اشرافیہ خود پاکستان کو بدنام کرنے میں لگے ہیں، ٹرمپ نے جو بیان دیئے اس کی ذمہ دار بھی سیاسی اشرافیہ ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں کی جانب سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو جاری کی جانے والی تفصیلات وکی لیکس کے ذریعے منظر عام پر آئیں جن میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ نواز شریف نے امریکی سینیٹرز کو کہا تھا کہ ممبئی کے حملے پاکستانیوں نے کرائے ہیں جس کے خلاف ایکشن نون لیگ کی حکومت کرے گی۔وکی لیکس کا حوالہ دے کر کہا شریف برادران نے تیسری باری حاصل کرنے کے لیے امریکا کی منتیں کیں ، نواز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے خود کہہ دیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوتی ہے، نگراں حکومت اور آر اوز نے مل کر 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کی۔ نواز شریف نے فوج کے ڈر سے بھارتی وزیراعظم سے چھپ کر ملاقات کی، نواز شریف نے امریکی سفیر کو کہا کہ میں نے دبائو ڈال کر فوج بھجوائی تھی، شہبازشریف نے جماعت الدعوۃ کے خلاف امریکہ سے معلومات لیں، شہباز شریف پاکستان کے سب سے بڑے ڈرامے باز ہیں،شہباز شریف امریکیوں کو دکھانے کیلئے روز نئی ہیٹ پہنے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف چار سال خاموش رہے،300ارب پکڑے گئے تو بول رہے ہیں، ملک میں جو زیادتیاں ہو رہی ہیں اس کے ذمے دار نواز شریف ہیں، نواز شریف نے امریکیوں کو کہا کہ ہمیشہ آپ کا بہترین دوست رہوں گا، مسلمانوں سے ناروا سلوک پر امریکہ نے کہاکہ بھارت کو واچ لسٹ میں ڈالا، یہ واضح ہو گیا ختم نبوتؐ کا معاملہ کس کو خوش کرنے کیلئے کیا گیا، امریکہ نے کہا کہ پاکستان کے 25ارب روک دیں گے، اسحاق ڈار کے بیٹوں کے 2ٹاور25ارب کے ہیں، نواز شریف کے 300ارب باہر پڑے ہیں،ہماری جنگ نہیں تھی، ہمیں کسی اور کی جنگ میں لے جایا گیا، ہماری کیا غلطی تھی کہ 70ہزار لوگوں کی جانیں گئیں، موجودہ حکمرانوں نے قوم کی حیثیت ختم کر دی ہے، یہ ٹرمپ کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑے ہوتے ہیں، پرچی سے پڑھتے ہیں۔ انہوںن ے کہا کہ پی ٹی آئی دنیا میں قوم کی حیثیت بحال کرائے گی، افغانستان میں امن پاکستان کی ضرورت ہے، افغانستان کی بدتر صورتحال پر پاکستان کو الزام دینا افسوسناک ہے،قوم کو پتہ ہے کہ لاڈلا کون ہے، لاڈلے کی تو پوری تاریخ ہے، 6ارب کے ڈیفالٹر لاڈلے کو الیکشن لڑنے کی کیسے اجازت دی گئی، انہوں نے کہا کہ نائن الیون حملے کے ذمہ دار انسانیت کے مجرم تھے، نائن الیون حملہ آوروں کو پکڑوانے میں مدد کرنی چاہیے تھی،عمران خان کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ نے انتہا پسند گروپوں کو پالا ہوا ہے۔ یہ اپنے آپ کو بچانے کیلیے ملک کو گندا کررہے ہیں۔عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ 25 ارب روپے کے لئے ذلیل کررہا ہے اتنے کے تو اسحاق ڈار کے بیٹے کے 2 ٹاور ہیں، نواز شریف پاکستان کے لئے سکیورٹی رسک ہے۔شریف برادران نے سعودی عرب سے کہا وہ فوج یمن بھیجنا چاہتے تھے مگر راحیل شریف نہیں مانے، ملک کے سیاسی رہنما خود ہی ملک کو بدنام کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ کے لیڈر فوج کو بدنام کریں گے ، دوسروں کے ہاتھ تو مضبوط ہوں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خواجہ آصف نے واشنگٹن میں کہا ن لیگ لبرل اور پی ٹی آئی دینی جماعتوں کے ساتھ ہے۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے فوج کو بدنام کررہے ہیں۔شریف برادران کوکسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کہ کوئی این آر او انہیں بچا سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن