.دنیا کو باضابطہ طور پر امریکہ کے ہاتھ کاٹنا ہوں گے: روس
ماسکو(آئی این پی ) روس نے مختلف ملکوں کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو باضابطہ طور پر امریکہ کے ہاتھ کاٹنا ہوں گے، امریکی صدر کا ایرانی مظاہرین کو عنقریب امداد دینے کا وعدہ، انتہائی بے شرمانہ مداخلت ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق روسی سینٹ کی بین الاقوامی کمیٹی کے چیئرمین نے دنیا کے دیگر ملکوں خاص طور سے ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو باضابطہ طور پر امریکہ کے ہاتھ کاٹنا ہوں گے۔ سینئر روسی سینیٹر اور سینٹ کی بین الاقوامی کمیٹی کے چیئرمین کونسٹینٹن کاساچوف نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے ایران میں بلوا کرنے والوں کو عنقریب امداد دینے کا وعدہ، انتہائی بے شرمانہ مداخلت ہے اور اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روس بھی ایران کے اندرونی معاملات میں بے شرمانہ مداخلت اور عوام کو تشدد اور بلوے پر اکسائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔