• news

پاکستان‘ نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا‘ ولنگٹن میں بارش‘ پریکٹس سیشن متاثر‘ لڑکے مقابلہ کیلئے تیار ہیں: سرفراز احمد

لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح تین بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمدنے کہا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ آسان نہیں ہے، تمام لڑکے ذہنی طور پر تیار اور مکمل فٹ ہیں۔ کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی سی سی چیمئن ہیں اور اس بات کا عملی مظاہرہ ہم نے اپنے کھیل کے ذریعے کرنا ہے۔صحافی کے سوال کے جواب میں سرفراز نے کہا کہ ہماری ٹیم میں فخر زمان جیسے سرپرائز پیکیج بائولنگ لائن میں بھی موجود ہیں جو یقیناً نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کریں گے۔بائولنگ اٹیک ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے، حسن علی کی ٹیم میں موجودگی ہمارے اٹیک میں بہترین اضافہ ہے۔ یہاںکا موسم اور ٹھنڈی تیزہوائیں ہمارے فیلڈرز ‘بلے بازوں اور بائولرز کیلئے چیلنج ہونگی ۔ قبل ازیں بارش کے باعث قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن متاثر ہوا ، پلیئرز نے وارم اپ کے بعد ان ڈور پریکٹس پرہی اکتفا کیا۔بارش ہونے کے باعث گراونڈ میں پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے آوٹ ڈور پریکٹس سیشن نہ ہو سکا، گرین شرٹس نے ان ڈور پریکٹس کی، ابتدائی مرحلے میں جسمانی ورزشیں کرنے کے بعد بیٹنگ بائولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ میچ کے دوران 120 کلو میٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن