• news

ٹرمپ کا بیان، تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی

اسلام آباد (این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف دھمکی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی۔ تحریک التوا تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور منزہ حسن کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ امریکہ نے ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کو ہر محاذ پر ہدف بنانا چاہتا ہے اور امریکا کی جانب سے پاکستان میں عسکری مہم جوئی کا امکان ہے۔تحریک التوا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئیٹ کے بعد اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی، امریکہ کے سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جنرل مک ماسٹر کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دی گئیں جس کے بعد پاکستان کی سکیورٹی امداد بند کردی گئی۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے امریکی دھمکیوں پر کوئی ٹھوس رد عمل نہیں آیا جبکہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو مذہبی آزادی کے تناظر میں واچ لسٹ پر بھی ڈال دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی اس تحریک التوا میں کہا گیا کہ ایوان کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر بحث کے بعد لائحہ عمل مرتب کرے۔

ای پیپر-دی نیشن