• news

عمران بڑا کرپٹ‘ لاڈلے کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی: نوازشریف

سرگودھا / کوٹ مومن/ بھیرہ (نامہ نگاران+ آئی این پی+ این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کا فیصلہ پورے پاکستان میں جھومے گا، لاڈلے کو ملک میں کہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، عوام نواز شریف کو اہل کریں اور آپ نااہل کریں یہ قبول نہیں، عوام نے سب کے فیصلوں کو مسترد کر دیا، نواز شریف نے کرپشن کہاں کی اس سوال کا جواب 5ججوں والے بنچ کو دینا پڑے گا، انہیں ہم نہیں چھوڑیں گے، ملک میں تبدیلی آگئی ہے، اب عدل اور انصاف قائم ہوگا۔ ہفتہ کو کوٹ مومن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ کوٹ مومن کے عوام نے ثابت کر دیا کہ کوٹ مومن نواز شریف ہے، یہ ساتھ کبھی نہیں چھوٹ سکتا آپ کا اور میرا، ایسا کوٹ مومن میں نے کبھی نہیں دیکھا، آپ نے ثابت کر دیا کہ کوٹ مومن نواز شریف اور نواز شریف کوٹ مومن کی جان ہے۔ یہ جلسہ نہیں یہ عوام کی عدالت کا فیصلہ ہے اور اس بات کا اعلان ہے کہ نااہلی کا فیصلہ پاکستان کی عوام کو قبول نہیں۔ سب لوگ اس کے خلاف ہیں اور عوام نے تمہارے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا مذاق ہے کہ آپ تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دیں، کیا یہ کوئی صحیح فیصلہ ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ اس سے پہلے کوئٹہ اور ایبٹ آباد کی عوام اور جی ٹی روڈ پر پاکستانی عوام بھی اعلان کر چکے ہیں اور کوٹ مومن نے تو اس فیصلے کیخلاف تاریخی اعلان کیا ہے، لگتا ہے کہ سرگودھا کی ساری عوام گھروں سے باہر آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عدل ہو گا۔ غریبوں کو روزگار ملے گا، آج پورے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہو رہی ہے، چار برس سے ہم نے وہ کام کررہے ہیں جو کسی نے نہیں کئے، لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جو ہو رہا ہے وزیراعظم سے اس فیصلے سے پوچھو، ملکی زرمبادلہ میں کمی آرہی ہے، سٹاک ایکسچینج نیچے گر رہی ہے۔ جب میرے خلاف فیصلہ آیا اس وقت ہی سٹاک ایکسچینج میں مندی آ گئی، مہنگائی بڑھ گئی، اس سب کا ذمہ دار وہ فیصلہ ہے، ملک میں دہشت گردی سمیت جو کچھ ہو رہا ہے ملک کی رسوائی ہو رہی ہے، سازشی سر اٹھا رہے ہیں، کچھ سازشی کینیڈا سے آ کر بیٹھے ہیں، اس سب کا اس فیصلے سے پوچھو۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلے نے مانا ہے کہ میری بھی آف شور کمپنی تھی، نیازی سروسز میری تھی، راشد خان کے ذریعے پیسہ بھیجاگیا وہ پیسہ کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا عمران تم سب سے بڑے کرپٹ آدمی ہو۔ سپریم کورٹ کا بنچ کہتا ہے کہ نہیں نیازی نہیں یہ کسی اور کی آف شور کمپنی ہے،عمران یہ کوئی اور عمران ہے، اب بتائو کس کی بات مانوں۔ جلسے کے شرکاء نے ’’نو نو‘‘ کا نعرہ لگایا تو نوازشریف نے عدالتی فیصلے کو ’’بگ شو‘‘ کہا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا کرپشن تو دور کی بات الزام اور ثبوت تک نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کرپٹ ہیں یا پھر بتائو کہ نواز شریف نے کہاں کرپشن کی۔ یہ عوام کی خدمت کا صلہ دیا جا رہا ہے۔ نواز شریف کو کہ اس نے موٹرویز اور سڑکیں بنائیں، گیس بھی دیں گے، نواز شریف جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ آپ سب نے عدلیہ کی بحالی کیلئے نواز شریف کا ساتھ دیا، اب عدل کی بحالی کیلئے بھی میرا ساتھ دیں اگر میرے ساتھ چلیں گے تو آپ کی چوکھٹ پر انصاف لے کر آئوں گا۔ انصاف کے دو پیمانے قبول نہیں۔ 2018ء کا الیکشن پھر مسلم لیگ (ن) جیتے گی۔ کوئی مطالبہ ہے تو آج ہی کر دو، نواز شریف پورا کرے گا، نوجوان میری فوج ہیں۔ یہ پاکستان میں انقلاب برپا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ مومن کو یونیورسٹی دی جائے گی اور موٹروے بھی بنے گی۔ نوازشریف نے کہا کہ آج ملک میں ترقی کی رفتار آہستہ ہوئی ہے تو اس میں شاہد خاقان عباسی کو دوش نہیں دیتا ٗوہ بہت محنت کررہا ہے۔ اس فیصلے سے پوچھو جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی سے نہ پوچھو۔ عدالتی فیصلے نے پاکستان کو تماشا بنا کر رکھ دیا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کے اندر ڈالر ہنگامہ رہا ہے ٗروپیہ گر رہا ہے ٗ زرمبادلہ میں کمی آرہی ہے یہ کیوں ہورہا ہے اس فیصلے سے پوچھو۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ تم دوسروں پر تہمت لگاتے ہو‘ تم سب سے بڑے کرپٹ آدمی ہو‘ ہسپتال کا پیسہ تم نے جوئے میں لگایا۔ نوازشریف نے کہا کہ آج تو برطانیہ کی برٹش ورجن آئی لینڈ نے بھی کہہ دیا‘ اس وقت تک ہم سے کوئی سوال نہ پوچھو جب تک یہ نہ بتاؤ نواز شریف نے کرپشن کہاں کی ہے؟سابق وزیراعظم نے ’’جواب دینا پڑے گا‘‘ کے نعرے بھی لگوائے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ ہر معاملے میں کرپٹ ہیں‘ قصے کہانیاں عوام جانتے ہیں۔ آج کی اخبار پڑھ کر دیکھ لیں ‘ حضور ہم ایسے جان نہیں چھوڑیں گے‘ یا بتائیں تم نے یہاں کرپشن کی ہے‘ اگر نہیں بتائیں گے تو پاکستان کے عوام تمہیں معاف نہیں کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ انصاف کا ایک ہی پیمانہ ہونا چاہئے۔ نوازشریف نے کہا کہ کوئی لاڈلہ ہونا چاہئے یا کسی کو دھتکار دیا جائے ایسا نہیں ہونا چاہئے‘ بغیر کسی وجہ سے نا اہل کر دیں یا کسی کو اہل کر دیں دو پیمانے قوم کو منظور نہیں۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے میاں صاحب نے خون پسینہ ایک کرکے پاکستان کوترقی کی راہ پرگامزن کیا۔ نواز شریف نے عدلیہ کو بحال کرایا، 2013میں نوازشریف نے جو وعدہ کیاوہ پوراکر کے دکھایا۔ کراچی جیسے دہشت زدہ شہر کو امن کا گہوارہ بنایا،مخالفین خوف کی وجہ سے کبھی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں۔آئندہ انتخابات میں انہیں پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔مریم نواز نے کہا کہ آج میں پہلی بار میاں صاحب کے ساتھ کسی جلسے میں آئی جس کا آغاز کوٹ مومن سے ہوا، مجھے جلسے گاہ کے ہر طرف سے یہی آواز سنائی دی کہ ہم میاں صاحب سے پیار کرتے ہیں، شاید میاں صاحب سے پہلے یہ نعرہ کسی لیڈر کیلئے نہیں لگا،مجھے اس بات کا احساس ہے کہ 2013میں میاں صاحب نے سرگودھا کا انتخاب کیا تو سرگودھا کے لوگوں نے لاکھوں ووٹ ڈال کر میاں صاحب کی محبت کا جواب دیا، یہ جس تعداد میں لوگ یہاں آئے ہیں یہ سب آپ کی محبت ہے، آپ نے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے، اسی محبت سے ڈر کر مخالفین کبھی ایک ادارے کے پیچھے چھپتے ہیں تو کبھی دوسرے کے پیچھے کیونکہ وہ سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے عوام نواز شریف سے محبت کرتے ہیں، وہ ووٹ نہیں لے سکتے کبھی وہ انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں، کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے اور یا تو کبھی کبھی ایک دوسرے کے پیچھے چھپتے ہیں، اس کی سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ وہ آپ سے ڈرتے ہیں، کوئی نااہل ہو کر بھی سرفراز ہے، کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ شرمندہ پھر رہا ہے،وہ یہ جانتا ہے کہ اس کی صداقت اور امانت کے پیچھے فکس میچ ہے، کبھی وہ اپنی صداقت اور امانت کی داستانیں سناتا ہے اور کبھی روز ٹی وی پر آ کر ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، کبھی کچھ کہتا ہے اور کبھی کچھ، لیکن وہ یہ نہیں دیکھ رہا جو میں دیکھ رہی ہوں، میاں صاحب جو آج آپ دیکھ رہے ہیں وہ آپ کے مخالفین کو نظر نہیں آرہا۔مریم نواز نے کہا کہ آپ سب دیکھ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو رہا ہے، 2013سے پہلے کے دن یاد کریں جب 20,20گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی، وہ بھی دن یاد ہیں جب ایک گھنٹہ بجلی آتی تھی اور جاتی تھی، آج اگر اس ملک میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہوئے ہیں کسی نے تو چار سال سر پھینک کر کام کیا ہے، کسی نے تو آپ کے بارے میں سوچا ہے، کسی نے دن رات آپ کیلئے بجلی کے کارخانے لگائے ہیں۔یہ مسئلہ ایسے ختم نہیں ہوا خون پسینہ دینا پڑتا ہے۔ 2013سے پہلے کا کراچی کیسے ہوا کرتا تھا،2013سے پہلے کراچی کی ہر سڑک اور گلی میں قتل و غارت ہوا کرتی تھی، پاکستان کی ہر سڑک پر بارود کی بو آتی تھی، آج پاکستان میں دہشت گردی ختم ہو رہی ہے، آج دہشت گردی جیسی لعنت کا خاتمہ ہوا۔ سرمایہ کار پاکستان سے بھاگ رہے تھے، کارخانے بند ہو رہے تھے۔2013میں نواز شریف آیا اس نے جو وعدہ کیا وہ پورا کر کے دکھایا، دہشت گردی کو ایک بار پھر شکست ہوئی، پاکستان کی سرزمین ناشاد و آباد ہوئی،دنیا نے پھر پاکستان کا رخ کیا، نواز شریف وعدے پورے کرنے والا شخص ہے، پاکستان کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک جتنے بھی ضمنی انتخابات ہوئے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی ہوئی۔ بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق نواز شریف کے کوٹ مومن میں ہونے والے جلسہ میں شرکت کے لیے مسلم لیگ ن سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن پیر فاروق بہائوالحق شاہ کی قیادت میں سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل ایک بڑی ریلی بھیرہ سے روانہ ہوئی۔ مسلم لیگ ن تحصیل، سٹی مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے زیر اہتمام بھلوال سے بڑے جلوسوں نے کوٹمومن میں میاں محمد نواز شریف کے جلسہ میں شرکت کی۔ جلوسوں کی قیادت پیر فاروق بہاوالحق شاہ، چوہدری الیاس ساجد گجر، سید اعجاز حسین شیرازی،حسیب ڈھلوں،افتخار احمد مغل، مہر شاہد اقبال، اقبال خان ککے زئی،آفتاب اللہ وڑائچ سید فائق شاہ اور دیگر رہنما کررہے تھے۔ صبا ح نیوز کے مطابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے 8 جنوری کو دورہ سیالکوٹ کے موقع پر مسلم لیگ بھرپور استقبال کریگی اور اس سلسلہ میں پارٹی کارکنوں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس امر کا اظہار مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلع کونسل فاروق گھمن نے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

ای پیپر-دی نیشن