پاکستان سے دشمنی امریکی مفاد میں نہیں، کسی بھی وقت افغانستان تک رسائی روک سکتا ہے: نیویارک ٹائمز
نیویارک (نیٹ نیوز) امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کی بدلتی صورتحال سے خود امریکہ کے لئے مشکلات بڑھ جائیں گی۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے ادارئیے کے مطابق پاکستان کسی بھی لمحے امریکہ کی افغانستان تک رسائی روک سکتا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اپنے اداریے میں ٹرمپ کی زبان بولنے کے ساتھ ساتھ امریکی صدر کو حقیقت کا آئینہ بھی دکھایا۔ پاکستان کو امریکہ کے لیے مشکلات میں ڈالنے والا اتحادی قراردیتے ہوئے جہاں ڈبل گیم کھیلنے کا راگ الاپا وہیں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ پاکستان سے دشمنی امریکہ کے مفاد میں نہیں ہے۔ اخبار نے اپنے اداریے میں لکھا کہ امریکہ پاکستان کو امداد دیتے ہوئے ایک اتحادی کی طرح ڈیل کرے کیونکہ صرف پاکستان کے تعاون سے ہی امریکہ خطے میں موجود شدت پسندوں سے لڑسکتا ہے۔ اداریے کے مطابق افغانستان میں ہر امریکی فلائٹ پاکستان کے راستے سے جاتی ہے، زیادہ ترسامان پاکستانی روڈ اور ریل کے ذریعے بھیجا جاتا ہے اور پاکستان کسی بھی وقت امریکا کی افغانستان میں رسائی بند کر سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو چین بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ اخبار کے مطابق پاکستان کے ساتھ تعمیری تعاون کے لئے سفارتی رابطوں کی ضرورت ہے۔ اخبار کا کہنا تھا پاکستان کو پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی وہ پاکستان سے معاملات مزید خراب نہیں کریں گے۔ اخبار نے مشورہ دیا کہ خاموش مذاکرات کی ضرورت ہے۔