نوازشریف دھوکے باز‘ 300 ارب کا جواب دینے کی بجائے اداروں کو بدنام کر رہے ہیں: عمران
چکوال (ایجنسیاں) عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم جھوٹی یا دھوکے باز نہیں بلکہ نوازشریف جیسے لوگ دھوکے باز ہیں جو قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں کیونکہ ان کا پیٹ نہیں بھرتا۔ چکوال میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ نوازشریف لوٹے ہوئے مال کا حساب دینے کے بجائے سینہ زوری کررہے ہیں، عدالتوں کوڈرا دھمکا کر دبائو ڈال رہے ہیں، وہ فوج اور اداروں کو بدنام کرنے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں، سعودی عرب جاکر شاہی خاندان کے پاوں پکڑ کر سزا سے بچانے کی اپیل کررہے ہیں، وہ اپنے اثاثوں کا حساب دینے کے بجائے مجھے کیوں نکالا کا سوال پوچھ رہے ہیں، اگر ہم امریکہ سے قرض اور امداد نہ لیتے تو آج ہمیں ذلت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ کرپشن کے خاتمے کا آغاز بڑے بڑے عہدوں سے کرنا ہو گا۔ چوری کرنے والے کو عزت نہیں دیتے، نواز شریف چوری میں پکڑے گئے ہیں، انہوں نے قوم کے 300 ارب روپے چوری کئے ہیں لیکن اب وہ چوری کا جواب دینے کی بجائے کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا؟ یعنی چور جواب دینے کی بجائے اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔ قوم کا پیسہ باہر جاتا ہے تو ملک مقروض ہو جاتا ہے۔ عمران نے کہا کہ امریکہ ہمیں 25 ارب کے قرض کیلئے ذلیل کر رہا ہے جبکہ اسحاق ڈار کے بیٹوں کے دبئی میں 25 ارب کے ٹاور اور نواز شریف کا لندن میں 300 ارب پڑا ہوا ہے۔ اگر ان لوگوں نے ہمارا پیسہ نہ لوٹا ہوتا تو آج قوم کا یہ حال نہ ہوتا، پاکستان کو منی لانڈرنگ نے تباہ کیا ہے۔ نئے پاکستان میں یہاں سے ہی پیسہ اکٹھا کر کے دکھاوں گا، ایف بی آر کو ٹھیک کریں گے، بڑے ڈاکوؤں کو پکڑیں گے اور ایک دن دنیا سبز پاسپورٹ کی عزت کرے گی۔ 4 سال میں پاکستانیوں نے دبئی میں 800 ارب کی پراپرٹی خریدی لیکن امریکہ پاکستان کی محض 25 ارب روپے پر تذلیل کر رہا ہے کیونکہ پاکستانی حکمرانوں کے غلط فیصلوں نے ہی اسے رسوا کیا۔ ملک ٹھیک کرنے کیلئے صرف 200 ایماندار آدمی چاہیں، خیبر پی کے میں آئی جی نے پولیس کے نظام کو ٹھیک کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر دفتر میں بیٹھنے کی بجائے کھلی کچہریاں لگاتے ہیں، تبدیلی کا مطلب عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ملک کے نوجوان بیروزگار اور ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے، کیا اورنج لائن ٹرین نوجوانوں کو روزگار دے گی؟ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا رہا ہے اس جنگ نے پاکستانی قبائلی علاقوں کو تباہ وبرباد کردیا اور قبائلیوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا پاکستان نے امریکہ کی جنگ اپنے ملک میں لڑی اور 70 ہزار جانیں چلی گئیں۔ جلسہ کے بعد عمران خان تیسری شادی سے متعلق سوالات کا جواب دیئے بغیر گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔