ائیر مارشل (ر) اصغر خان فوجی اعزاز کیساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک
راولپنڈی(آن لائن)پاک فضائیہ کے سابق سربراہ اور ممتاز سیاستدان ایئر مارشل (ر) اصغر خان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نور خان ایئربیس پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل ریٹائرڈاصغر خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی نمازجنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، وفاقی کابینہ کے ارکان سمیت پاک فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان نے شرکت کی۔ ہفتہ کو پاک فضائیہ کے پہلے سربراہ اصغرخان کی نماز جنازہ نور خان ایئربیس راولپنڈی پر ادا کر دی گئی۔ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے جسد خاکی کو نور خان ایئربیس راولپنڈی لایا گیا جہاں پر پی اے ایف کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ایئرچیف مارشل سہیل امان، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔وفاقی کابینہ کے اراکین، تینوں فورسز کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور ممتاز شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک تھیں۔ نماز جنازہ کے بعد ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے جسد خاکی کو ایبٹ آباد کیلئے روانہ کر دیا گیا جہاں پر آبائی قبرستان نواں شہر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین کی گئی ۔ اصغرخان کے انتقال کے سوگ میں قومی پرچم سرنگوں رہا۔