• news

سرگودھا، چونیاں، ٹوبہ: بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری، عوام پریشان

سرگودھا+ ٹوبہ ٹیک سنگھ+ چونیاں (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی) مختلف شہروں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث دفاتر پر حملوں کے پیش نظر صوبہ بھر میں بجلی اور گیس کے دفاتر کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے مد نظر حکومت نے گیس اور بجلی کی عدم فراہمی پر عوامی غصے سے بچنے کیلئے محکمہ سوئی گیس اور واپڈا کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر اپنے اپنے دفاتر اور عملہ کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں سرگودھا اور گردونواح میں بجلی اور گیس کی طویل بندش کے باعث عوام میں غم و غصہ عروج پر پہنچ گیا۔ گزشتہ سال بھی گیس اور بجلی کی عدم فراہمی پر لوگوں نے بجلی اور سوئی گیس دفاتر کا گھیرائو کیا تھا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے فوری طور پر ان دفاتر کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گردونواح میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شرو ع ہو چکا ہے،غیر اعلانیہ بجلی لوڈشیڈنگ سے الیکٹرونکس اشیاء بھی جل جانے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں،غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ سے جہاںمعمولا ت زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گئے ۔ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کا تدریسی نظام بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے ،تعلیمی اداروں کو جانے والے طلبہ یونیفارم بھی بغیر استری استعمال کرنے پر مجبورہوچکے ہیں ہسپتالوں میں آپریشن تھیٹرز کا نظام بھی مشکلات کا شکار،ایک طر ف حکومت بجلی لوڈ شیڈنگ خاتمے کے دعوے کر رہی ہے مگر شہری او ر دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ نے حکومتی دعوے ٹھس کر دیئے ہیں۔،تاجر تنظیموں نے حکومت وقت سے غیر اعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ خاتمہ کو فوری مطالبہ کیا ہے ۔ چونیاں میں بجلی کیساتھ گیس کی بھی لوڈشیڈنگ، بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی چیخیں نکلوادیں۔ مسجدوں میں وضو کیلئے پانی نایاب،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور پنجاب بورڈ کے ضمنی امتحانی سنٹروں میں امتحان دینے والے طالبعلموں کو شدید مشکلات کا سامنا ، اندھیرے میں پیپر حل کرنے سے مستقبل بھی اندھیروں کاشکار نظر آنے لگا۔درجنوں امیداروں نے امتحانی اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔گزشتہ چند دنوں سے سردی کی شدت بڑھتے ہی گھروں میںصبح اور شام کے اوقات میں گیس نایاب ہو گئی ۔اہلیان شہر نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکمران چونیاں کو بھی پاکستان کا حصہ سمجھتے ہوئے گیس اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔پاکپتن میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا، محکمہ نے گیس بند کرنامعمول بنا لیا، شہری شدید سردی میں لکڑیوں پرکھانا پکانے پر مجبور ہوگئے۔حافظ آباد + ونیکے تارڑ میں لیسکو کی طرف سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ایک بار پھر عروج پر پہنچ گیا۔ حکومتی دعوئوں کے برعکس شہر اور اس کے گردونواح میں دن اور رات کے دوران کئی کئی گھنٹے بجلی بند کی جانے لگی جس سے شہری پریشان ہوکر رہ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن