گیس لیکج: ایبٹ آباد، میاں بیوی دم گھٹنے، راولپنڈی، 2 دھماکے ایک شخص ہلاک، 10 زخمی
راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی میں گیس لیکج سے 2 دھماکے ہوئے جن میں 1 شخص جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، گیس لیکج سے دھماکے مسلم ٹاون اور النور کالونی میں ہوئے جن میں جاوید قریشی نامی شخص جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 10 افرد جھلس گئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ گیس لوڈ شیڈنگ سے پریشان شہریوں نے گلاس فیکٹری چوک بلاک کر کے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سخت سردی میں 20 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن کر دی ہے، وزیراعظم ظلم کا نوٹس لیں۔ ایبٹ آباد کے علاقہ نڑیاں میں کمرے میں گیس بھرجانے کے باعث دم گھٹنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ سی ایم ایچ کا ملازم محمد جاوید ولد رحمت اللہ اور اسکی اہلیہ کمرے میں گیس کا ہیٹر جلا کر سو گئے۔ گیس لوڈشیڈنگ کے باعث ہیٹر بند ہو گیا۔ بعد ازاں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے پر گیس لیکج سے دم گھٹنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ محمد جاوید کے اہل خانہ کے مطاق صبح دیر تک کمرے کا دروازہ نہ کھلنے پر انہیں تشویش ہوئی اور کمرے کا دروازہ توڑا، جہاں دونوں مردہ حالت میں پائے گئے۔ میاں بیوی کو نماز جنازہ ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ محمد جاوید 2 بچوںکا باپ تھا۔