• news

ملتان‘ بہاولپور اور ڈی جی خان میں انفلوئنزا سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہو گئی

ملتان/ ساہیوال (نمائندہ نوائے وقت + سٹاف رپورٹر + این این آئی) ملتان، بہاولپور اور ڈیر ہ غازی خان میں سیزنل انفلوئنزا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نشتر ہسپتال ملتان میں سیزنل انفلونزا اے ایچ ون این ون سے گزشتہ چند روز میں 16 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ بہاولپور کے وکٹوریہ ہسپتال میں 3 اور ڈیرہ غازیخان میں 2 مریضوں کی اموات سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی ہے تاہم اس کے باوجود تا حال متاثرہ مریضوں کے لواحقین کی ویکسی نیشن کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا ۔ نشتر ہسپتال میں سوائن فلو کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی 7 نئے مریض سوائن فلو کے شبہ میں نشتر لائے گئے جس کے بعد مریضوں کی کل تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 9 مریض صحت یابی کے بعد گزشتہ روز ڈسچارج کئے گئے ہیں۔ مجموعی طورپر 98 مریضوں میں سے 44 مریضوں کی رپورٹس پازیٹو‘ 43 کی نیگٹو اور 11 کی رپورٹس آنا باقی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انکشاف کیا کہ انفلوئنزا کا مر ض بھارت سے آیا ہے اورملتان میں اموات کے بعد پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے تمام ہسپتالوں میں انفلوئزا کے تدارک کی ویکسین ستمبر سے مہیا کی جا چکی ہے، ملتان سے ملحقہ مظفر گڑھ اور دوسرے اضلاع کو بھی انفلوئنزا کی ویکسین فراہم کی جا رہی ہے تا ہم انفلوئنزا کے مر ض پر قابو پا لیا گیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کی زیر تعمیر بلڈنگ کے معائنہ کے بعد صحافیوں سے باتیں کر تے ہوئے کہا کہ ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کے دو ارب رو پے سے زائد تعمیراتی منصوبہ میں تا خیر سے مکمل نہ ہو نے کی بنا پر ہسپتال میں بیرون ملک سے منگوائی گئی پچاس کروڑ رو پے کی مشینری تباہ ہو رہی ہے اس لئے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30اپریل تک بلڈنگ مکمل کر کے محکمہ صحت کے حوالے کی جائے تا کہ مشینری کی تنصیب کا کام کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ملتان کا 500بیڈ کا کڈنی سینٹر ڈیرہ غازی خان،ملتان اور گو جرانوالہ کے ہسپتالوں میں تو سیعی منصوبے بھی جلد مکمل ہو جائیں گے۔ ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اور ان کے ہمراہ کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی بھی تھے۔

ای پیپر-دی نیشن