بے شرم دعا لینے گیا گھر اجاڑ دیا، دیکھیں کیسا صادق امین ہے: رانا ثناء
لاہور/ پشاور (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے عمران خان کی شادی کے حوالے سے کہا ہے جوروحانی درجہ رکھتی تھیں ان کے پاس دعا لینے گئے تھے دو سال پہلے یہ صاحب پاکپتن گئے تھے اس بے شرم نے پہلے گھر اجاڑا پتہ نہیں کیا گند ڈالا تم تو دعا لینے گئے تھے وہ آنکھیں نیچے کرکے بیٹھتے، ایسے بے شرم کو کسی کو گھر میں داخل نہیں ہونے دینا چاہئے۔ کہہ رہے ہیں شادی نہیں کی بلکہ شادی کیلئے کہا ہے۔ پنجاب غیرت مند لوگوں کا خطہ ہے ایسا آدمی پنجاب میں کسی کے ووٹ اور عزت کا حق دار نہیں۔ ہماری کچھ مشرقی روایات اور اخلاقیات ہیں اسے صادق اور امین کہا گیا ذرا دیکھیں کیا صادق اور امین ہے۔ صباح نیوز کے مطابق رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں سانحہ ماڈل ٹائون پر ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ مل کر سیاست کررہی ہیں۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام جماعتیں عوامی تحریک کے ساتھ مل کر انصاف کے لیے سڑکوں پر آئیں اور صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت اس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ہماری پہلی ترجیح ہے کہ احتجاج کی نوبت ہی نہ آئے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق رانا ثناء اللہ نے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر فیصل آباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا سازش کے تحت ختم نبوت کے معاملے پر پراپیگنڈا کیا گیا۔ شیخ رشید پہلے ہی کہتے تھے تابوت نکلیں گے۔ عمران خان واحد شخص ہیں جو طلاق کے بعد کروڑوں کے تحائف لیتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے عمران خان کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے شادی کرنا ان کا ذاتی معاملہ ہے مگر یہ خان کا مشغلہ بن گیا ہے، عمران خان کی قسمت میں شادیاں ہی لکھی ہیں ٗ وزیراعظم بننا نہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی پرانی عادت ہے پہلے شادی سے انکاربعد میں اقرار کرتے ہیں۔ شادی کی ہے تو لوگوں کو کنفیوز کرنے کی بجائے برملا اعلان کرنا چاہئے۔ ان کی شیروانی وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کی بجائے تیسری شادی میں کام آئی ہے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق رکن قومی اسمبلی شفقت محمود اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ عمران خان کی شادی قوم کیلئے خوشخبری کی بات ہے، شادی کنفرم ہوئی تو ولیمہ ہم کرینگے۔ اے این این کے مطابق پرویز خٹک نے کہا عمران نے شادی کی تو اچھا ہے، اعلان کرنا ضروری نہیں۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا کہ نکاح سنت رسولؐہے اسکو خفیہ رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟ تحقیقات ہونی چاہیں کہ عمران خان نے اپنا گھر بسانے کی خاطر کسی دوسرے کا گھر تو برباد نہیں کردیا، عمران خان جس طرح آف شور کمپنی رکھنے میں مہارت رکھتے ہیں اسی طرح آف شور شادی میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا مجھے اس حوالے سے کوئی علم نہیں یہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے لیکن عمران خان نے شادی کرلی ہے تو بہت اچھا کام کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے شادی عمران خان کا حق ہے، پہلے انگریز پھر پاکستانی اور اب روحانی، اللہ انہیں اچھی اہلیہ دے۔