وزیراعظم آج سیالکوٹ ائیرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح کرینگے‘ ڈسکہ سے داعش کا دہشت گرد گرفتار‘ آدھا کلو بارود‘ آلات برآمد
سیالکوٹ(نامہ نگار)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی (آج)8 جنوری کو سیالکوٹ کا دورہ کریں گے ۔پروگرام کے مطابق وزیر اعظم دس بجے دن سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچیں گے جہاں وہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح کریں گے۔بعدازاں وزیراعظم ڈیڑھ بجے دوپہر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس مینوں سے خطاب کریں گے اور تین بجے سہ پہر خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ پر ورکر کنونشن سے خطاب کریں گے۔ سی ٹی ڈی ٹیم نے تحصیل ڈسکہ کے علاقے شاہ شریف قبرستان میں کارروائی کرکے داعش کے تربیت یافتہ ایجنٹ بابر عرف ابوشمامہ کو آدھا کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور آلات سمیت گرفتار کرلیا ہے،اور اسے گوجرانوالہ منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے،بتایا گیا ہے دہشت گرد سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے صبح دورہ سیالکوٹ کے موقعہ پر اہم سرکاری ادارے میں دہشت گردی کیلئے لایا جانے والا آدھا کلو گرام دھماکہ خیز مواد ، ایک ڈیٹونیٹر اور 28 فیوز بھی برآمد کرکے قبضہ میںلئے ہیں ‘داعش کے تربیت یافتہ دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد سیالکوٹ میں سیکورٹی ادارے الرٹ ہوگئے ہیں اور وزیراعظم کے دورہ کے موقعہ پر تین ہزار سے زائد پولیس و دیگر ایجنسیوں کے اہلکار الرٹ کرکے ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔