ٹرمپ پاکستان کو چھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے: نیویارک ٹائمز
واشنگٹن (آئی این پی)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دھمکیوں اور واچ لسٹ میں شامل کرنے پر امریکی اخبار بھی چیخ اٹھے جنھوں نے اپنی حکومت کی توجہ دلائی ہے کہ پابندیوں کے جواب میں پاکستان امریکا کو دی گئی رسائی بند کرسکتا ہے،ٹرمپ پاکستان کوچھوڑنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔امریکی اخبار ’’نیویارک ٹائمز ‘‘نے اداریے میں کہاہے کہ امریکا کی افغانستان کیلئے بیشتر سپلائی پاکستانی ٹرینوں یا سڑکوں سے گزرتی ہیں جسے پاکستان کسی بھی وقت بند کرسکتاہے۔مزید تفصیلات کے مطابق اخبار نے اپنے صدر کو یہ بھی باور کروایا ہے کہ اپنے پرانے پارٹنر کو دور کرنے کا فیصلہ چین کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ پاکستان کے زیادہ تعمیری تعاون کیلئے ٹرمپ کوکئی اورسفارتی طریقے اپنانے چاہئیں۔تاہم ٹرمپ کے پاکستان کے خلاف فیصلے سے لگتا نہیں کہ ان کے پاس اثرات سے نمٹنے کی پالیسی موجود ہے ۔ امریکی اخبار نے ٹرمپ کو خبردارکیا ہے کہ سعودی عرب اور امارات سے تعلقات استعمال میں لانے چاہئیں ۔اخبار کے مطابق پاکستان نے اہم خفیہ معلومات اکثر امریکا کو فراہم کی ہیں اب یہ دیکھنا ہوگا کہ امداد منجمد کرنے پر پاکستان تعاون کرتا بھی ہے یا نہیں۔