ڈیرہ اسماعیل خان: موٹر سائیکل سوار فیملی پر فائرنگ‘ خاوند ہلاک‘ بیوی اور بچی محفوظ رہیں
ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں کڑی خیسور کے علاقہ وانڈا خجی کے قریب تین مسلح افراد نے کلاشنکوفوں سے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی اور بچی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی‘ جس کے نتیجہ میں خاوند جاں بحق جبکہ بیوی اور بچی معجزانہ طور پر بچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑی خیسور کی حدود میں غلام قادر مروت اپنی بیوی ناہید بی بی اور معصوم بچی دلربا بی بی کے ساتھ موٹرسائیکل پر گھر جارہا تھا کہ وانڈا خجی کے قریب تین مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے غلام قادر مروت موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی بیوی اور بچی محفوظ رہے ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ‘ مقتول کی بیوی ناہید بی بی کی درخواست پر پولیس نے عبدالحنان مروت ‘ سلطان اور ایک نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ فائرنگ کی فوری طور پر وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔