شریف خاندان کیخلاف 3 مختلف ریفرنسز کی سماعت کل احتساب عدالت میں ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں دائر 3 مختلف ریفرنس کی سماعت کل (منگل کو) ہوگی، اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے استغاثہ کے 2گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے جبکہ 5مزید گواہان کو طلبی کا سمن جاری کردیا گیا ہے جن میں عمر دراز، زبیر، ریحان، زاور منظور اور سدرہ منصور شامل ہیں تمام گواہان تینوں ریفرنسز میں الگ الگ بیانات قلمبند کرائیں گے۔ واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،ان کی بیٹی مریم نواز،ان کے دونوں بیٹوں حسن ،حسین اورداماد کیپٹن(ر) محمد صفدر کے خلاف ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں ،نواز شریف کے دونوں صاحبزادے ابھی تک ایک بھی بار عدالت میں پیش نہیں ہو ئے جبکہ نواز شریف10ویں، مریم نواز 12 ویںجبکہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر14 ویںمرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے10گواہان سدرہ منصور، جہانگیر احمد، محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد، عمردراز، یاسر شبیر اور شکیل ناگرا بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں، واضح رہے کہ ابھی تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ کی 18، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی17جبکہ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 21 سماعتیں ہو چکی ہیں۔