سوڈان: ڈبل روٹی مہنگی کرنے پر حکومت مخالف مظاہرے‘ جھڑپیں‘ ایک طالب علم ہلاک‘6 زخمی
خرطوم (اے ایف پی) ڈبل روٹی مہنگی ہونے پر سوڈانی حکومت کو ہدف تنقید بنانے والے 6 اخباروں کی کاپیاں سکیورٹی حکام نے ضبط کر لیں۔ مظاہروں‘ جھڑپوں میں طالبعلم مارا گیا۔ ایڈیٹرز کے مطابق ایک ہفتے میں ڈبل روٹی کے نرخ تقریباً ڈبل ہو گئے‘ لیکن حکمرانوں نے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ گندم برآمد کرنے سمیت متعدد حکومتی اقدامات کو میڈیا اور اخبارات نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ نیشنل انٹیلی جنس اینڈ سکیورٹی سروس کے ارکان نے الزیار‘ المشتغلا‘ المیدان سمیت صف اول کے اخبارات کے خلاف کارروائی کی۔ ادھر نرخوں میں اضافے کے خلاف مظاہرے شروع ہو گئے۔ جھڑپوں میں ایک طالبعلم مارا گیا اور 6 زخمی ہوگئے۔ دارفر‘ نیل ‘ روم‘ خرطوم میں شہری سڑکوں پر آگئے۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے‘ سڑکیں بند کر دیں جبکہ پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ سوشل میڈیا پر بھی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔