• news

بس ریپڈ ٹرانزٹ پر الزامات لگانے والے اورنج ٹرین کی خیر منائیں جس سے کرپشن کی بو آ رہی ہے: پرویز خٹک

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کی طرف سے ٹویٹر پیغام میں بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور منصوبہ پر کرپشن کے الزامات کے بارے میں واضح کیا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ ایک نہایت شفاف منصوبہ ہے۔ بی آرٹی پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات لگانے والے اورنج ٹرین کی خیر منائیں جن سے کرپشن کی بو آرہی ہے پنجاب میں میٹرو منصوبوں میں بہت سی چیزیں ظاہر نہیں کی گئیں جو کرپشن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس کے برعکس ہم نے بی آرٹی کے مجموعی عمل حتیٰ کہ اس کیلئے سرکاری اراضی تک کو بھی ظاہر کردیا ہے۔ بی آرٹی کے مجموعی عمل کو پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں مکمل طور پر قانونی قرار دیا ہے۔ ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والے خود قومی وسائل کی بے دریغ لوٹ مار میں ملوث رہے ہیںاور اپنی نااہلی کا رونا رو رہے ہیںیہ جتنا اُونچا تھوکنے کی کوشش کریں گے تھوک اُنکے اپنے منہ پر گرے گی۔ بی آر ٹی ایک شفاف ترین منصوبہ ہے ۔ہم نے پنجاب کی طرح منصوبے کی مالی ضروریات کیلئے سماجی شعبے کی ترقی کو قربان نہیں کیابلکہ یہ منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیاجا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن