عمران وزیراعظم بننے کیلئے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں: مشاہد اللہ خان
کراچی (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ کے تنظیمی معاملات کو ٹھیک کرنے، پارٹی میں دھڑے بندی اور کارکنوں میں موجود احساس محرومی کے خاتمے کے لئے مشاورتی عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں سینیٹر مشاہد اللہ خان کی صدارت میں پارٹی رہنمائوں کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا، کے ایم سی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر امان آفریدی، چیئرمین یوسیز، چوہدری نواز اولکھ، ندیم اختر آرائیں، حبیب الرحمن، مسلم لیگ سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر، حاجی شاہجہان، ناصرالدین محمود، عبدالحمید بٹ، زاہد علی شاہ، اسلم خٹک، عاشق گجر، شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر مہناز اختر،جمیلہ ظفر، شہناز اختر، پروین بشیر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی کی قیادت نے تجاویز پیش کیں اور مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں مخالفین پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کیلئے سہارے ڈھونڈ رہے ہیں۔ عوام اپنا حق رائے دہی کسی غیر ملک کے کہنے پر استعمال نہیں کرتے۔ آئندہ عام انتخابات میں عوامی ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ کراچی میں قیام امن شہر قائد کے باسیوں کے لیے نواز شریف کا تحفہ ہے ۔کراچی میں امن ہوگا تو ملکی معیشت بھی ترقی کرے گی۔