• news
  • image

سٹاک مارکیٹ: حوصلہ افزا رجحان

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں پیر تا جمعہ کاروبار میں تیزی کا رجحان رہا۔ ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس میں 2050.51 پوائنٹس بڑھ گیا۔ سرمائے میں تین کھرب 16 ارب 85 کرڑو روپے سے زائد کا اضافہ رونما ہوا۔ تاہم تجارتی حجم میں 14 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اقتصادی شعبے میں گذشتہ ہفتے کے دوران ہونے والی سرگرمیوں کی یہ تصویر خاصی حوصلہ افزا ہے۔ خاص طور پر اس فضا میں کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے تو دوسری طرف امریکہ کی طرف سے امداد کی بندش اور دھمکیاں ہیں۔ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کے رحجان سے یہ مترشح ہوتا ہے کہ اگر سیاسی استحکام ہو تو سٹاک مارکیٹ مزید بہتر نتائج دے سکتی ہے۔ سیاسی سرگرمیاں اپنی جگہ، لیکن بدقسمتی سے ہمارے سیاستدان اپنے اپنے طور پر عوام سے رابطے کرنے اور تائیدوحمایت حاصل کرنے کی بجائے باہم اس طرح دست و گریبان ہیں کہ خانہ جنگی کا گمان ہوتا ہے۔ ایسے حالات میں کون سرمایہ کاری کرے گا یا اپنا پیسہ باہر نکالے گا۔ سیاستدانوں کو اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے کہ ملکی فضا میں بداعتمادی اور بے یقینی نہ پیدا ہونے دیں۔ اگر خدانخواستہ اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہوئیں تو بے روزگاری پھیلے گی، مہنگائی بڑھے گی اور افراط زر میں اضافہ ہو گا۔ بہرحال سٹاک ایکسچینج کی گذشتہ ہفتے کی سرگرمیاں خاصی خوش آئند ہیں اس پہلو سے بھی کہ ابھی وہ کساد بازاری کے ان سایوں سے محفوظ ہے جن کا خدشہ تھا۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن