• news

امریکہ سے خصوصی واچ لسٹ میں نام ڈالنے پر وضاحت طلب کی ہے: اعزاز چودھری

اسلام آباد (آن لائن ) امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں بین الاقوامی برادری کو ان کا اعتراف کرنا چاہیے اسی لیے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے حالیہ بیان پر امریکہ سے وضاحت طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے اعلان پر پاکستان کو تشویش ہے، پاکستان اس اعلان کی منطق اور اس کے اثرات کے حوالے سے امریکہ سے وضاحت چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا مذہبی آزادی کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور خطے میں اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کی خاطر عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ شفقاعت علی، دی نیشن رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکہ سے پوچھا ہے کہ بھارت امریکہ کی خصوصی واچ لسٹ میں کیوں شامل نہیں جبکہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خون بہانے میں ملوث ہے۔ وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بتایا پاکستان نے اپنا کیس امریکہ میں پیش کیا ہے اور اس کی واچ لسٹ کو چیلنج کیا ہے ایک عہدیدار نے کہا اگر کوئی اس لسٹ کے معیار پر پورا اترتا ہے تو وہ بھارت ہے جو کشمیریوں کو قتل کر رہا ہے اور ہم نے امریکہ سے کہا ہے تو وہ بھارت کے معاملے میں آنکھیں بند نہ کرے ایک اور عہدیدار نے کہا امریکہ نے بتایا ہے کہ واچ لسٹ پاکستان کو ٹارگٹ کرنے کلئے نہیں بنائی اور نہ ہی پریشر ڈالنے کا ٹکنیک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن