• news

امریکی دھمکیوں کیخلاف حکومت، اپوزیشن سیسہ پلائی دیوار بن جائے: دفاع پاکستان کونسل

لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے مرکزی قائدین نے کہا ہے امت مسلمہ جن سازشوں سے دوچار ہے وہ اتحاد کے بغیر ختم نہیں ہو سکتیں۔ مقبوضہ بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے اور پاکستان کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ہمیں سب چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک ہونا پڑے گا۔11جنوری کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ 12جنوری کو فیصل آباد میں بڑی تحفظ بیت المقدس کانفرنس ہو گی۔ امریکی دھمکیوں کیخلاف حکومت اور اپوزیشن سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ قومی اسمبلی اور سینٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کرمشترکہ اور مضبوط موقف دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، شیخ رشید احمد، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد، حافظ عبدالرحمان مکی، مولانا فضل الرحمان خلیل، اجمل خاں وزیر، محمد یعقوب شیخ اور مولانا یوسف شاہ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی وطن عزیز کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ دشمن ملک پاکستان سے اس کی ایٹمی قوت چھیننا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی عزت اور وقار پر ہاتھ ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن انڈیا اور امریکہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔ انڈیاکاعلاقہ کی سپر پاور بننے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔ٹرمپ کا مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا حالیہ اعلان معمولی نہیں اس کے پیچھے یہودیوں کی سازش چھپی ہوئی ہے۔ امریکی صدر یہودیوں کی سازشوں کا آلہ کار بن رہا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پوری قوت سے جاری ہے۔مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن