• news

فضل الرحمن‘ محمود اچکزئی فاٹا انضمام میں رکاوٹ نہ بنیں: لیاقت بلوچ

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیاہے کہ فاٹا کے عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں ۔فاٹا اصلاحات کو بل کی صورت میں قومی اسمبلی میں پیش نہ کیا گیا تو یہ نوازشریف ، شہبازشریف ، شاہد خاقان عباسی کے جرائم میں سب سے بڑا جرم ہوگا ۔ وقت گزر رہاہے اور قبائلی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہاہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے لاہور پریس کلب کے سامنے فاٹا سے آئے ہوئے مشران کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ، حاجی سردار، زرنو ر آفریدی ، مولانا عبدالحمید خان ،مولانا وحید گل، حافظ ساجد انور اور ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہم مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی سے اپیل کرتے ہیں کہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے حصول میں رکاوٹ پیدا کی جائے نہ دیوار کھڑی کی جائے ۔ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے مطالبے کا احترام کیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے لیے فوری طور پر بل پیش کیا جائے ، سب کو پتہ چل جائے گاکہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے لیے کون ان کے ساتھ ہے اور کون اس کا مخالف ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم 9 جنوری کو سکھر میں جمعیت طلبہ عربیہ کے زیراہتمام ’’تحفظ مدارس کنونشن‘‘ اور بعد نماز مغرب جماعت اسلامی سکھر کے اجتماع ارکان و کارکنان سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن