• news

پاکستان کو حافظ سعید اور دوسرے دہشتگرد گروپوں کیخلاف کارروائی کرنا ہوگی : حسین حقانی

نئی دہلی (صباح نیوز) امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور میمو گیٹ سکینڈل کے اہم کردار حسین حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کیساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کے لئے حافظ سعید اور دوسرے دہشتگرد گروپوں کے خلاف لازمی کارروائی کرنا ہوگی۔گزشتہ روز بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین حقانی نے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہاکہ بھارت کیساتھ اچھے تعلقات کے لئے پاکستان کو اپنے روئیے میں تبدیلی لانا ہوگی۔انہوں نے بھارت کی ہی زبان بولتے ہوئے سارا ملبہ پاکستان پر ڈال دیا اور مزید کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان نے جو اپنی منفی امیج بنائی ہوئی ہے وہ اس کی اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہے اور اگر اس منفی تاثر کو ختم کرنا ہے تو اپنے ایجنڈے کو تبدیل کرنا ہو گا اور ہمیں ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے لئے حافظ سعید اور دوسرے دہشتگرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی تاکہ پوری دنیا کے سامنے میں ہمارا امیج مثبت جائے۔مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے حسین حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت بہتر تعلقات کے لئے کشمیر کے مسئلے کو حل کرنا بہت ضروری ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق سفیرکا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی اس لئے حمایت کرتا ہے کیونکہ وہ بھارت پر دباو ڈالنا چاہتا ہے۔آخر میں امریکہ کے بارے بات کرتے ہوئے حسین حقانی نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے ساتھ کوئی خاص لگا ونہیں ہے ،یہ سب اس لئے ہے کیونکہ دونوں کے ایک دوسرے کے ساتھ مفادات جڑے ہیں۔
حسین حقانی

ای پیپر-دی نیشن