ملتان: سیزنل انفلوئنزا سے ایک اور خاتون جاں بحق، تعداد 17، کراچی میں بھی 28 مریضوں میں وائرس کی تصدیق
ملتان/کراچی (سٹاف رپورٹر/ نوائے وقت رپورٹ) ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ملتان میں موسمی انفلوئنزا کے باعث حالیہ دنوں میں ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی۔ ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ ملتان کے نشتر ہسپتال میں موسمی انفلوئنزا سے متاثرہ ایک خاتون انتقال کرگئی جس کے بعد 23روز کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17ہوگئی ہے۔ 23روز کے دوران موسمی انفلوئنزا کے 104مشتبہ کیسز سامنے آئے جبکہ گزشتہ روز سے موسمی انفلوئنزا کے مزید 6مشتبہ مریض ملتان کے نشتر ہسپتال لائے گئے۔ترجمان محکمہ صحت نے بتایا کہ اب تک 47افراد میں موسمی انفلوئنزا کی تصدیق ہوچکی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کا کہا جارہا ہے۔ ملتان کے بعد کراچی میں بھی موسمی انفلوئنزا کے کیس سامنے آگئے۔ نجی ہسپتال میں 4 مریضوں میں موسمی انفلوئنزا کی تصدیق ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے مطابق 6 افراد کے انفلوئنزا سے متاثر ہونے سے متعلق ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ نجی ہسپتال میں موسمی انفلوئنزا کے 10 مشتبہ مریضوں کو لایا گیا۔ اب تک 28 مریضوں کے انفلوئنزا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔