سعودی عرب: طویل کامیاب آپریشن، دھڑ جڑی کمسن جڑواں فلسطینی بچیوں کو علیحدہ کر دیا گیا
ریاض (اے ایف پی+ این این آئی) فلسطین سے تعلق رکھنے والی جسم سے جڑی دو کم سن فلسطینی بچیوں فرح اور حنین کو سعودی عرب میں میراتھن سرجری کے بعد علیحدہ کر دیا گیا۔ بچیوں کا آپریشن سعودی شاہی دیوان کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے جنرل سپر وائزر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربعیہ کی زیر نگرانی ماہر اور پیشہ ور ڈاکٹروں کی ٹیم نے کیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الریاض میں قائم شاہ عبداللہ چلڈرن اسپتال میں آپریشن کے 6 مراحل مکمل ہوئے۔ بچیوں کی حالت کافی مستحکم ہے۔ چھٹے مرحلے میں تین گھنٹے بچیوں کے پیشاب کے نظام اور پیٹ کی وال کا آپریشن کیا گیا۔ ان میں سے ایک بچی فرح کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں۔ کیونکہ اس کا دل، پھیپھڑے اور دماغ نہیں۔ڈاکٹر الربیعہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں یہ اپنی نوعیت کا 45 واں آپریشن ہے۔ خیال رہے کہ دونوں فلسطینی بچیوں کوسعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سرجری کے لیے چند روز قبل سعودی عرب منتقل کیا گیا تھا۔ اسرائیل کی طرف سے غزہ کے محاصرے کے سبب بچیوں کو سعودی عرب لایا گیا تھا۔