• news

گگومنڈی: ٹرالہ کی ویگن سے ٹکر‘ 3 خواتین‘ ماں باپ بیٹے سمیت 9 افراد جاں بحق

گگومنڈی+ بورے والا+ وہاڑی+ ملتان (نامہ نگاران+ صباح نیوز) چیچہ وطنی روڈ پر ٹرالر کی ٹکر سے ویگن میں سوار 2 خواتین ماں بیٹا سمیت 9 افراد جاں بحق، ملتان میں بھی حادثے کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی گھر کے تین افراد بھی شامل ہیں۔ ٹرالر ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔ لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بورے والا سے چیچہ وطنی جانے والی ویگن نمبر 7724.نواحی اڈا لنڈو مسجد کے قریب پہنچی تو اس کا ٹائی راڈ ٹوٹ گیا اور ویگن بے قابو ہو کر سامنے سے آ نے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ویگن میں سوار 9افراد جاں بحق اور 15شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی گھر کے تین افراد ماں، باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ممتاز سکنہ فیصل آ باد، 5سالہ خالدہ سکنہ گوجرہ علی، ممتاز ،غلام قادر ،سکینہ بی بی ساکنان چیچہ وطنی۔ ایمان فاطمہ ،نتاشہ دختر تنویر حسین بورے والا بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں نائلہ سکنہ وہاڑی ،رفیق، رشیدہ بی بی ساکنان چیچہ وطنی، صاحب بی بی وہاڑی، علی فیصل آ باد، نسرین احتشام اور تنویر بورے والا، ویگن ڈرائیور محمد ایاز بھی جاںبحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال بورے والا پہنچا دی گئی ہیں، حادثہ کی اطلاع پر DPO وہاڑی عمر سعید ملک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) خضر حیات نے بوریوالہ ویگن حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کی ٹی ایچ کیو ہسپتال بوریوالہ جاکر عیادت کی اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمن گرمانی، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر عمران بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی آر خضر حیات نے مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کو تمام سہولیات فراہم کرے اور انکے علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جائے اے ڈی سی نے تمام مریضوں کے پاس جاکر انکی تیمار داری کی اور انہیں تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء ملتان میں بھی المناک ٹریفک حادثہ رونما ہوا، جہاں وہاڑی روڈ پر ٹرالر نے مخالف سمت سے آنیوالے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی حادثے میں موٹرسائیکل پر سوار 3 خواتین حسینہ، شاہینہ اور تسلم موقع پر جاں بحق ہو گئیں جبکہ موٹرسائیکل چلانے والا یعقوب نامی شخص شدید زخمی ہو گیا، حادثہ کے بعد ٹرالر ڈرائیور فرار ہو گیا ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی کو طبی امداد کے بعد نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تینوں خواتین کی نعشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں پولیس نے ٹریلر کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن