افغان سرحد پر طالبان کیخلاف فوجی آپریشن ناکام ہوا تو منفی نتائج برآمد ہونگے: پاکستان
واشنگٹن (صباح نیوز) پاکستان نے امریکی حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان کے خلاف افغان سرحد پر دونوں جانب سے فوجی آپریشن ناکام ہوا تو اس کے منفی نتائج مرتب ہوں گے جو پورے خطے کو اپنی پلیٹ میں لے لیں گے۔ اہم سفارتی ذرائع نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی افغانستان کے لئے نئی تزویراتی حکمت عملی سے متعلقہ حکام طالبان کے خلاف دو طرفہ فوجی کارروائی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں جس میں فوجی آپریشن کے ذریعے طالبان کو شکست دی جائے گی اور ساتھ ہی انہیں کابل حکام کی شرائط پر افغان مفاہمتی عمل کا حصہ بننے پر مجبور کیا جائیگا۔ تاہم پاکستان کو امریکہ کے اس بنیادی نقطہ نظر سے اختلاف نہیں لیکن اسلام آباد کے لئے یہ حکمت عملی پریشان کن ہے کیونکہ پاکستانی حکام کو خدشات ہیں کہ اگر طالبان کے خلاف منظم عسکری حکمت عملی ناکام ہوگئی تو اس کے کیا نتائج مرتب ہوں گے۔