نیب ریفرنسز‘ نوازشریف‘ مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر آج احتساب عدالت پیش ہونگے
اسلام آباد (نا مہ نگار+نوائے وقت رپورٹ)قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں دائر 3مختلف ریفرنس کی سماعت آج ہوگی، نوازشریف‘مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پیش ہونگے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے استغاثہ کے 2گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے جبکہ 5مزید گواہان کو طلبی کا سمن جاری کردیا گیاہے جن میں عمر دراز،زبیر،ریحان ،منظور اور سدرہ منصور شامل ہیں۔ تمام گواہان تینوں ریفرنسز میں الگ الگ بیانات قلمبند کرائیں گے۔ شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث گواہان پر جرح کریں گے۔ واضح رہے نیب نے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،ان کی بیٹی مریم نواز،انکے دونوں بیٹوں حسن ،حسین اورداماد کیپٹن(ر) محمد صفدر کے خلاف ریفرنسز دائر کر رکھے ہیں، نواز شریف کے دونوں صاحبزادے ابھی تک ایک بھی بار عدالت میں پیش نہیں ہو ئے جبکہ نواز شریف10ویں، مریم نواز 12 ویںجبکہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر14 ویںمرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ہیں۔ تینوں نیب ریفرنسز میں اب تک استغاثہ کے10گواہان سدرہ منصور، جہانگیر احمد، محمد رشید، مظہر بنگش، شہباز حیدر، ملک طیب، مختار احمد، عمردراز، یاسر شبیر اور شکیل ناگرا بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں،واضح رہے کہ ابھی تک فلیگ شپ انوسٹمنٹ کی 18، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی17جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 21سماعتیں ہوچکی ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق احتساب عدالت میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، پیشی کے وقت سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں، احتساب عدالت کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا عدالت کے اندر اور باہر 700 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق عدلات میں پیشی کے بعد پنجاب ہائوس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنمائوں کا اجلاس ہوگا جس کی صدارت سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کرینگے۔ اجلاس میں شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت بلوچستان کی موجودہ صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔