غیر معیاری کام‘ ناقص کارکردگی کا نوٹس‘ مواصلات کمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی کو طلب کرلیا
اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کے اجلاس نے غیرمعیاری کاموں اور ناقص کارکردگی کو نوٹس لیتے ہوئے پاک پی ڈبلیو ڈی کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر ذمہ داران کو طلب کرلیا، حکام غیر معیاری کاموں کا جواب دیں،کمیٹی نے بڑھتے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اس حوالے قوانین اور ضابطہ کار پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لے لیا ہے ہدایت کی گئی ہے سفری حفاظت سے متعلق قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے۔کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ این ٹی آر سی نے گذشتہ سال 5 ملین روپے تحقیق پر خرچ کئے پیرکو قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کا اجلاس این ٹی آر سی کے ہیڈ آفس میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت، چیئرمین محمد مزمل قریشی نے کی مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ این ٹی آر سی نے 5 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ٹریفک کے مسائل کے متعلق پانچ تحقیقات کرکے ان کی رپورٹ پیش کی ہے۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس -2000 کو بھی از سر نو جائزہ لے کر بہتر کیا جارہا ہے۔ مجلس قائمہ نے سفارش کی کہ ٹریفک کے بارے میں تمام قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے اور انہیں عالمی قوانین کے ہم آہنگ کیا جائے۔ مجلس قائمہ نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی نے ایک بار این ٹی آر سی کے لئے واٹر ٹینک بنانا شروع کیا اور پورا فنڈ وصول کرنے کے باوجود اسے مکمل نہیں کیا۔ پھر دوبارہ نئے فنڈز منظور ہوئے اور وہ بھی پاک پی ڈبلیو ڈی نے پورے کے پورے وصول کرلئے مگر ابھی تک اس واٹر ٹینک کو مکمل نہیں کیا اور ادھورا چھوڑ کر کام بند کردیا گیا۔ مجلس قائمہ نے دریائے سندھ کے کنارے موٹروے ایم-ون پر موجود ریستورانوں کی بندش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولت کا کماحقہ خیال رکھا جائے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں خیبر پی کے حکومت کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے اور ان سے گلگت چترال تا چکدرہ سڑک کے ترقیاتی کام کے بارے میں استفسار کیا جائے۔