کون بنے گا وزیراعلیٰ بلوچستان صالح بھوتانی‘ جان جمالی‘ سرفراز بگٹی چنگیز مری متوقع امیدوار‘ اگلا وزیراعلیٰ نوازشریف نہیں ہماری مرضی کا ہوگا: جان جمالی
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) ثناءاللہ زہری کے بعد بلوچستان کا وزیر اعلیٰ کون ہو گا؟ ذرائع کے مطابق صالح بھوتانی، جان جمالی، سرفراز بگٹی اور نوابزادہ چنگیز مری اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔ ان کا تعلق مسلم لیگ نواز سے ہے۔ آئندہ چند دن اس حوالے سے اہم ہوں گے۔ سرفراز بگٹی سابق حکومت میں وزیر داخلہ تھے۔ صالح بھوتانی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں۔ نوابزادہ چنگیز مری نواب خیر بخش مری کے صاحبزادے ہیں۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی بھی گزشتہ روز کوئٹہ پہنچنے اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتیں کرنے کے بعد اسی نتیجے پر پہنچے تھے کہ ثناءاللہ زہری کو ایوان کی اکثریت کی حمایت حاصل نہیں رہی۔ تاہم صوبے کی اندرونی سیاست میں کئی روز سے جاری کھلبلی میں مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے بڑی دیر بعد انٹری دی۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جان جمالی نے کہا ہے کہ ہم نے پہلی دفعہ صوبائی خودمختاری کا صحیح استعمال کیا بلوچستان میں مسلم لیگ ن مرکز کی مسلم لیگ ن سے مختلف ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نوازشریف بلوچستان میں نیشنل پارٹی اور میپ کو زیادہ اہمیت دے رہے تھے۔ انہوں نے عبدالمالک بلوچ کو وزیراعلیٰ بناتے وقت مشاورت نہیں کی اور بعد میں ثناءاللہ زہری کو بھی وزیراعلیٰ بناتے وقت نہیں پوچھا ”کردو“ والا سٹائل بلوچستان میں نہیں چلتا۔ اگلا وزیراعلیٰ نوازشریف کا نہیں ہماری مرضی کا ہوگا۔ نوازشریف کیلئے واضح پیغام ہے ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔