پی پی 20 چکوال: مسلم لیگ ن کے سلطان حیدر 30 ہزار کی بھاری اکثریت سے کامیاب
چکوال (آئی این پی ‘ نوائے وقت نیوز) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سلطان حیدر نے 75ہزار655ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ طارق افضل45ہزار702ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ،مسلم لیگ (ن)کے امیدوار نے تحریک انصاف کے امیدوار کو 29ہزار 953ووٹوں سے شکست دی،دو لاکھ 79 ہزار 530 ووٹرز کے لیے 227 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے جب کہ ایک لاکھ 44 ہزار مرد اور 1 لاکھ 35 ہزار خواتین ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔الیکشن کمیشن نے 45 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 82 کو حساس قرار دیا تھا جب کہ 1800 سے زائد انتخابی عملہ تعینات کیا گیا، 45 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنر پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے اور آزمائشی بنیاد پر ووٹرز کی بائیومیٹرک تصدیق بھی کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کی اس نشست کے لئے 5 امیدوار میدان میں اترے۔ تحریک انصاف کو پیپلز پارٹی، پاکستان عوامی تحریک اور جماعت اسلامی کی حمایت بھی حاصل تھی۔دریں اثنا پی پی 20 چکوال ضمنی انتخاب میں ڈی آر او نے 4 جنوری کو حمزہ شہباز، میجر طاہر اقبال اور دیگر کی طرف سے ن لیگی امیدوار سلطان حیدر کی مہم چلانے پر ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا نوٹس جاری کیا اور ان پر 50 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کی وفات کے باعث نشست خالی ہوئی تھی، 2013 میں(ن) لیگ نے یہ نشست 26 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج عوامی عدالت میں ایک بار پھر فیصلہ دے دیا کہ کون اہل ہے اور کون نااہل ،جس کو خدا اور عوام پلس کر دیں اس کو کوئی مائنس نہیں کر سکتا ۔ نجی چینل کے مطابق غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق، مسلم لیگ ن کے سلطان حیدر 76365 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے طارق افضل 46298 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر اور تحریک لبیک پاکستان کے ناصر عباس منہاس 15431 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔مقابلہ مسلم لیگ نون کے نامزد امیدوار مرحوم رکن صوبائی اسمبلی چودھری لیاقت علی خان کے بیٹے چودھری حیدر سلطان اور تحریک انصاف کے امیدوار طارق افضل کے درمیان ہی متوقع تھا۔