فخر زمان انجری کے سبب دوسرا ون ڈے نہ کھیل سکے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان انجری کے سبب نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ون ڈے میچ نہیں کھیل سکے۔نیلسن میں کھیلے گئے دوسرے میچ سے قبل فخر زمان کی انجری کا انکشاف ہوا جس کے سبب وہ دوسرے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کر سکے۔قومی ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وب سنگھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے فخر کی سیدھی ران میں انجری ہو گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے میچ سے قبل فخر کی انجری کا معائنہ کیا اور 100فیصد فٹ نہ ہونے پر انہیں آرام کا مشورہ دیا جس کے سبب وہ دوسرا ون ڈے میچ نہیں کھیل سکے۔فخر کی جگہ دوسرے ون ڈے میچ میں امام الحق کو قومی ٹیم کا حصہ بنایا گیا لیکن وہ صرف دو رنز ہی بنا سکے۔ذرائع کے مطابق فخر زمان کی انجری سنگین نوعیت کی نہیں اور توقع ہے کہ وہ فٹ ہو کر تیسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔