• news

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکستدیدی

نیلسن(آئی این پی) نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر 5میچوں کی سیریز میں 2-0کی برتری حاصل کر لی ہے۔بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت نیوزی لینڈ نے25اوورز میں151رنز کا ہدف23.5اوورز میں2وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ مارٹن گپٹل نے5 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے71گیندوں پر ناقابل شکست 86رنز بنائے جبکہ روس ٹیلر نے45رنز بنائے۔ مارٹن گپٹل کو مین آف دی میچ کا ایوارڈدیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق نیلسن میں کھیلے گئے میچ میںپاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 39 رنز پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ امام الحق 2، اظہر علی 5 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کو پویلین لوٹے۔پاکستان کے سب سے تجربہ کار بلے بازوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی جوڑی نے مشکل وقت میں 45 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش لیکن گیند کو گراونڈ سے باہر پھینکنے کی ناکام کوشش میں شعیب بانڈری پر کیچ ہوئے۔کپتان سرفراز احمد نے مشکل وقت میں غیرذمے دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا اور ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ اسٹمپ ہو گئے۔محمد حفیظ نے نصف سنچری اسکور کی اور امید تھی کہ وہ اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو معقول مجموعے تک رسائی دلائیں گے لیکن 60 کے انفرادی اسکور پر غیرضروری شاٹ نے ان کی اننگز کے آگے بھی فل اسٹاپ لگا دیا جبکہ فہیم اشرف کی اننگز بھی سات رنز سے آگے نہ بڑھ سکی۔141رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگتا تھا کہ جلد ہی پوری ٹیم پویلین لوٹ جائے گی لیکن نوجوان حسن علی اور شاداب خان کیوی بالرز کے خلاف ڈٹ گئے خصوصا حسن کا انداز جارحانہ رہا جنہوں نے چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔دونوں کھلاڑیوں نے آٹھویں وکٹ کیلئے 70 رنز جوڑ کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 246 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اسپیڈ اسٹار لوکی فرگیوسن تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے۔نیوزی لینڈ نے 247 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں کولن منرو کو پویلین لوٹا دیا۔حریف کپتان کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے دوسری وکٹ کیلئے 46 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ ولیمسن خطرناک ثابت ہوتے، فہیم اشرف نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔نیوزی لینڈ نے 14 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے ہی تھے کہ میچ کو بارش کے سبب روک دیا گیا۔بارش کے سبب تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کا کھیل ضائع ہوا جس کے سبب نیوزی لینڈ کی اننگز کو 25 اوورز تک محدود کر کے 151 رنز کا ہدف دیا گیا۔نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 11 اوورز میں مزید 87 رنز درکار تھے جو ایک مشکل ہدف نظر آتا تھا لیکن مارٹن گپٹل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے سات گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دی۔۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن