آئین اور جمہوریت جیسے الفاظ نواز شریف کے منہ سے اچھے نہیں لگتے: کائرہ
لاہور (خبر نگار) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے میاں نوازشریف کے بیان پر کہا ہے کہ آئین اور جمہوریت جیسے الفاظ انکے منہ سے اچھے نہیں لگتے۔ نواز شریف اپنی نااہلی کا نوحہ پڑھنے کی بجائے اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں کہ وہ خود کتنے وزرائے اعظم کیخلاف سازش کا حصہ بنے۔ اعتراف کریں کہ ضیاء الحق اور انکی باقیات کے ساتھ مل کر بینظیر بھٹو کیخلاف سازشیں کیوں کیں؟ نوازشریف کو قوم کے سامنے تسلیم کرنا ہوگا کہ ججوں کے ساتھ مل کر کس طرح پیپلز پارٹی کیخلاف مہم چلائی اور بینظیر بھٹو پر بار بار کیچڑ اچھالا۔ نوازشریف کو تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے سپریم کورٹ پر حملے کا گناہ کیوں کیا؟ تفصیل بتانا پڑے گا کہ اس نے مشرف سے معافی پر مبنی معاہدہ کیا اور سیاست ترک کرنے اور جلا وطنی اختیار کرنے کے بدلے اپنی جان کیوں بچائی؟ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح بہادری کے ساتھ آمریت کا سامنا کرنے کی بجائے بزدلوں کی طرح رات کے پچھلے پہر ملک سے کیوں فرار ہوا؟ میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے کے بعد انہوں نے صدر زرداری کیخلاف کیوں سازشیں کیں؟ وہ میمو گیٹ سکینڈل میں کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ کیوں گئے؟ نوازشریف کو وضاحت کرنا پڑے گی کہ اس نے اسٹیبلشمنٹ، جسٹس افتخار چوہدری اور میڈیا کے ایک گروپ کے ساتھ ملکر صدر زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف سازش کیوں کی؟ یوسف رضا گیلانی کو نااہل کرانے والا آج کس منہ سے اپنی نااہلی پر احتجاج کرتا پھر رہا ہے؟