تونسہ اور سوات سے دہشت گرد‘ سیالکوٹ میں جماعت الدعوۃ کا کارکن گرفتار
ڈی جی خان+ بنوں (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) سوات میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی سمیت دیگر متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ملزم کشیدگی کے دوران رونیال کے مقام پر پاک آرمی کے اہلکاروں پر فائرنگ میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔ ڈی جی خان میں نامعلوم دہشتگردوں کی طرف سے ایکسین پاک ورکس ڈیپارٹمنٹ ڈیرہ ڈویژن کے گھر کے سامنے زکوڑی قبرستان کے قریب رکھے گئے دیسی ساختہ بم کو بم سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر ناکارہ بنا دیا۔ سکیورٹی فورسز نے بیزان خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اسلحہ برآمد کرلیا۔تونسہ شریف سے سی ٹی ڈی نے دو دہشت گرد گرفتار کرلئے، ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جماعت الدعوۃ کے کارکن کو گرفتار کرلیا گیا۔