400 ارب روپے ٹیکس کی عدم ادائیگی‘ ٹیلی کام‘ موبائل فون کمپنیوں کے کھاتوں کی چھان بین شروع
اسلام آباد (این این آئی) ایف بی آر نے ٹیلی کام اور موبائل فون کمپنیوں کی طرف سے 400 ارب روپے کے ٹیکسوں کی عدم ادائیگی پر ان کے کھاتوں کی چھان بین شروع کر دی۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ڈیٹا کی عدم فراہمی اور معاملات کو مخفی رکھنے کا سلسلہ جاری تھا۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیلی کام اور موبائل فون کمپنیوں کی طرف سے طویل عرصہ سے ٹیکسوں کی ادائیگی کے حوالہ سے ڈیٹا کی عدم فراہمی اور معاملات کو مخفی رکھنے کا سلسلہ جاری تھا۔ اس حوالہ سے جب کمپنیوں کو ٹیکس ادائیگی کیلئے کہا گیا تو ان کمپنیوں نے عدالتوں سے رجوع کرلیا۔ حکام نے بتایا کہ طویل قانونی کارروائی کے بعد عدالتوں نے ان کمپنیوں کو ہدایات جاری کیں کہ ٹیکس ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔ حکام نے بتایا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔