طیبہ تشدد کیس‘ سپریم کورٹ نے راضی نامہ سے متعلق دائر درخواست خارج کر دی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد راجہ خرم کے گھر میں تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین کیساتھ راضی نامہ کے حوالے سے دائر درخواست خارج کردی ہے اور طیبہ تشدد کیس میں شواہد اکٹھے کرنے کیلئے 15 فروری تک ڈیڈ لائن دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ طیبہ پر تشدد کے حوالے سے ٹرائل کورٹ میں کیس زیرسماعت ہے جس کے پیش نظر راضی نامے کیلئے دائر درخواست کا کوئی میرٹ نہیں بنتا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر عدالت نے کیس کے ٹرائل میں تاخیر پر سخت برہمی کااظہارکیا اور قرار دیا کہ کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے حوالے سے ٹرائل کورٹ میں کیس زیرسماعت ہے جس کے پیش نظر راضی نامے کیلئے دائر درخواست کا کوئی میرٹ نہیں بنتا، بعدازاں عدالت نے متاثرہ بچی کے والدین سے صلح کیلئے ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی۔