چکوال کی فتح نے مخالفین کو جواب دے دیااب فیصلہ صرف عوام کرینگے: نواز شریف
لاہور(نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف، امیرمقام اورپرویز رشیدنے الگ الگ ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سینیٹ انتخابات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بدھ کو سابق وزیراعظم نوازشریف سے جاتی امرا میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورت حال،سینیٹ انتخابات سمیت دیگراہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف سے ملاقات کے بعد نواز شریف نے مسلم لیگ خیبر پی کے کے صدر امیرمقام سے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلی پنجاب بھی موجود تھے۔اس موقع پر امیر مقام نے سیاسی صورتحال اور کے پی کے میں جاری ترقیاتی کاموں پر نواز شریف کو بریفنگ دی۔ملاقات میں نواز شریف نے امیر مقام کو صوبہ خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے سے متعلق اہم ہدایات بھی دیں۔بعد ازاں پرویز رشید نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی اور اہم امور پر صدر مسلم لیگ (ن)سے تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ چکوال کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ عوامی عدالت کا فیصلہ ہے، عوام نے مسلم لیگ (ن) کی چار سالہ کارکردگی کا پھل دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ چکوال کے عوام نے ہر سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ہم عوام کی طاقت سے ملک میں ووٹ کا تقدس بحال کرائیں گے۔ اب پاکستان میں فیصلہ صرف عوام کریں گے۔ عوام نے مسلم لیگ(ن) کی چار سالہ کارکردگی کا پھل دیا ہے۔ ملکی ترقی صرف جمہوریت سے ہی ممکن ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چکوال کی فتح نے مخالفین کو جواب دے دیا ہے کہ قوم آج بھی نوازشریف کے ساتھ ہے‘ نوازشریف نے کہا کہ چکوال الیکشن میں جیت مسلم لیگ (ن) کے مؤقف کی تائید ہے۔شہباز شریف نے صوبے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوںکے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ دریں اثنا مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف 20 جنوری کو کھلابٹ میں جلسہ عام سے خطاب کریںگے۔