• news

ترین کی شوگر مل سے آج گنا اٹھانے کا پلان طلب‘ بصور ت دیگر جنوبی پنجاب کی بند ملز کھول دیں گے: سپریم کورٹ

اسلام آباد (آن لائن ) شریف خاندان کی شوگر ملوں کی جنوبی پنجاب منتقلی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈبلیو ڈی سے جمعرات تک گنا اٹھانے کا پلان طلب کر لیا// جبکہ چیف جسٹس نے کہا کہ کل تک پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند شوگر ملیں کھو ل دوں گا۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں شریف خاندان کی شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کرنے کے خلاف ہائی کورٹ کے فیصلے پر اپیل کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی،چیف جسٹس نے کہا کہ غالبا یہ انڈسٹری نئی نہیں لگائی گئی، معاملہ شوگر ملز کی منتقلی کا ہے، کیامقدمات کے دوران یہ کاروبار بند ہے؟شوگر ملز کے وکیل نے بتایا کہ کاروبار بھی بند ہے اور 3ماہ میں ملوں کی منتقلی کاحکم بھی ہائیکورٹ نے دیا ہے ،چیف جسٹس نے کہا کہ اگرملزغیرقانونی لگائی گئیں ہیں تو منتقل کرنا پڑیں گی، چیف جسٹس نے کہا کہ میرے خیال سے اپیل کی سماعت کے لیے منظوری توبنتی ہے ، وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ کے فیصلہ تک ملتوی کیا جائے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اخبارات میں اپیلیں کیوں شائع کی جارہی ہیں، ملیں توسال سے بند ہیں۔ چیف جسٹس نے پوچھا باقی ملیں بند ہیں تو کیا سارا گنا ترین کی ملز JDW اٹھانے کے لیے تیار ہے؟جو سرکلر ریٹ ہے اعتزاز احسن ادا کریںگے، کم از کم اس سیزن میں کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دیںگے۔ کاشتکاروں کے وکیل نے کہا کہ جے ڈی ڈبلیو مل نے پہلے بھی وعدہ خلافی کی، کسانوں کو پچھلی ادائیگی بھی نہیں کی گئی ،چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے، کسان کا سارا گنا اٹھنے تک کیس کی سماعت کروں گا، چیف جسٹس نے کہا کہ اعتزاز احسن یقین دہانی کرائیں اور جا کر خود اٹھائیں، چودھری اعتزاز احسن کیلئے پچاس کروڑ یا ایک ارب روپے تو مسئلہ ہی نہیں، کاشتکاروں کے وکیل نے کہا کہ دیگر ملیں بند ہونے سے ترین کی مل گنا نہیں اٹھا رہی، چیف جسٹس نے کہا کہ اعتزاز احسن چیف جسٹس کے آئیڈیل ہیں، یہ ضرور کریں گے چیف جسٹس نے جے ڈبلیو ڈی سے آج جمعرات تک گنا اٹھانے کا پلان طلب کر تے ہوئے کہا کہ کل تک پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند شوگر ملیں کھو ل دوں گا، اعتزاز احسن نے کہا کہ خود کاشتکار ہوں کسانوں کانقصان نہیں ہونے دوں گا۔ بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن