قصور واقعہ: سینٹ کی انسانی حقوق اور داخلہ کمیٹیوں کا نوٹس، وزارت داخلہ، آئی جی سے رپورٹ طلب
اسلام آباد (وقائع نگار) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ امور نے قصور میں سات سالہ بچی کے اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت داخلہ پنجاب اور انسپکٹر جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پانچ دنوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔ گزشتہ روز چیئرمین مجلس قائمہ برائے داخلہ امور سینٹ سینیٹر عبدالرحمان ملک نے قصور میں کمسن بچی کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ سینٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے بھی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے لاہور سول سیکرٹریٹ میں 17 جنوری کو فنکشنل کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔