نیازی صاحب مجھ پر لگائے الزامات عدالت میں ثابت کر دیں گھر چلا جائوں گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رائیونڈ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ توسیعی منصوبہ مکمل کیا گیا ہے اور اب اس ہسپتال میں بستروں کی تعداد60سے بڑھ کر 100 کردی گئی ہے۔ شہبازشریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جارہی ہیں اور ہر ضلع میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس بنائے جارہے ہیں۔ اب مریضوں کو سی ٹی سکین اور ایم آر آئی کیلئے ملتان، لاہور، سرگودھا اور دیگر بڑے ہسپتالوں میں جانا نہیں پڑے گا۔ ہم نے فرسودہ نظام کو بدل دیا ہے اور اب کوئی مریض کو یہ نہیں کہے گا کہ سی ٹی سکین مشین خراب ہے یا اس کی ڈیوٹی ختم ہوگئی ہے جو کمپنی سی ٹی سکین مشینیں نصب کررہی ہے وہی ان کو چلانے کی ذمہ دار ہوںگی اور مریضوں کو سی ٹی سکین کی سہولت 24گھنٹے دستیاب ہوگی، اب کوئی غریب مریض کا معاشی قتل نہیں کرسکے گا۔ کتنے ظلم کی بات ہے کہ مریض تڑپ رہا ہو اور سرکاری ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین چلانے والا اسے یہ کہے کہ مشین خراب ہے یا دو بج چکے ہیں کل آنا، اب ایسا نہیں ہوگا اور ہم نے اس نظام کو دفن کر دیا ہے۔ اب ہسپتالوں میں عوام کو علاج ملے گا، ہڑتالیں نہیں ہوں گی اور دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہوگا۔ ہسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری سوچ اور خواہش تھی کہ سرکاری ہسپتالوں میں وہی ادویات مریضوں کو ملیں جو اگر خدانخواستہ میں بیمار ہوجاؤں تو استعمال کروں۔ آج میرا یہ خواب پورا ہوچکا ہے اور یہ ملک کی 70سالہ تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو وہی ادویات مفت مل رہی ہیں جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے۔ ہم صحت کے شعبہ میں اصلاحات لارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم صحت کے میدان میں انقلاب لارہے ہیں، دوسری جانب دھرنے اور لاک ڈاؤن کرنیوالے اس انقلاب کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ غریب کی زندگی میں خوشحالی اور عوام کی ترقی کا سفر انہیں گوارا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی طاہر سندھو چند روز قبل مجھ سے ملے تھے، گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، میں نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کہنے کا مطلب یہ ہے کہ زندگی ایک بلبلہ ہے پھر یہ دھرنے اور لاک ڈاؤن اور احتجاج کس بات کے؟ ہم غریب کی زندگی میں خوشحالی کا انقلاب لار ہے ہیں تو آپ کو کیوں تکلیف ہورہی ہے؟ ہم ملک میں قائدؒ و اقبالؒ کا نظام لارہے ہیں تو دھرنوں کے ذریعے اسے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے بڑی پاکستان کے خلاف کوئی اور سازش ہونہیں سکتی۔ جو قوم کو گمراہ کرتے ہیں اور دھوکہ دیتے ہیں میں ان سیاسی کاریگروںکو خبردار کرتا ہوں کہ باز آجاؤ، ورنہ آپ کا گریبان ہوگا اور قوم کا ہاتھ ہوگا اور یہ قوم آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آپ نے گزشتہ ساڑھے چارسال کے پی کے میںکیا کیا؟ صرف جھوٹ بولا، یوٹرن لیے اور عوام کو دھوکہ دیا۔ آپ نے کہا تھا کہ میںکے پی کے میں میٹروبس نہیں بلکہ ہسپتال اور سکول بناؤں گا۔ ساڑھے چار سال گزرنے کے بعد آپ کو پھر کے پی کے میں میٹروبس منصوبہ لگانے کا خیال آیا لیکن ابھی تک آپ اس کی ایک اینٹ نہیں لگاسکے۔ آپ نے ووٹرز کی لاج رکھنے کی بجائے تضحیک کی ہے۔ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے صوبے میں پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کے کارخانے مکمل کرلیے ہیں جبکہ دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے۔ نیازی صاحب آپ نے صرف قوم کو دھوکہ دیا، جھوٹ بولا ہے اور انتشار پیدا کیا ہے۔ اب آپ کس منہ سے عوام کے سامنے جائیں گے۔ آپ نے مجھ پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات بھی لگائے، میں آپ کو عدالت میں لے گیا لیکن آپ عدالت بھی نہیں آئے، بہتر ہوتا کہ آپ جو الزامات لگارہے ہیں ان کو ثابت بھی کرتے۔ انہوں نے کہاکہ عدالت میں آئیں اور اپنے کرپشن کے الزامات ثابت کردیں تو میں گھر چلا جاؤں گا اور آپ میری جگہ آجانا، پھر جتنے مرضی جھوٹ بولنا اور یوٹرن لیتے رہنا۔ انہوں نے کہا کہ آپ گزشتہ ساڑھے چار سالوں سے مسلسل جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ آپ ہی نے لاہور کی میٹروبس پر 70ارب روپے خرچ ہونے کا الزام لگایا لیکن آپ اسے آج تک ثابت نہیں کرسکے، میں بار بار دہائی دیتا رہا کہ اس پر 30ارب روپے صرف ہوئے ہیں۔ اگر 2018ء کے انتخابات میں ہمیں کے پی کے میں کامیابی ملی تو وعدہ کرتے ہیںکہ پشاور کی میٹروبس سروس کا منصوبہ ایک سال کے اندر مکمل کر کے چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے کے پی کے میں ایک ارب درخت لگانے کا دعوی بھی کیا ہے۔ اتنے درختوں کی گنتی کرنے کیلئے ایک سال درکار ہے۔ آپ نے کے پی کے میں نہ درخت لگائے نہ کوئی ہسپتال بنایا اور نہ ہی بجلی کا کوئی منصوبہ لگایا جبکہ ہم نے پنجاب میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے ہیں۔آپ قوم کی رہنمائی کا دعوی کر کے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ آپ عوام کی خدمت کرنے کی بجائے نتھیا گلی کے پہاڑوں پر چڑھ کر دوسروں کو ڈاکو چور کہتے ہیں۔یہ قوم تعلیم،علاج اور ٹرانسپورٹ مانگتی ہے جبکہ آپ قوم کو جھوٹ ،افراتفری اور انتشار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں اور اگر عوا م نے ہمیں دو بارہ خدمت کاموقع دیا تو کراچی ،پشاور ،کوئٹہ اور دیگر شہروں کو ترقی کے لحاظ سے بدل کر رکھ دیں گے اور انہیں لاہور جیسا نہ بنایا تو میرا نام بدل دینا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم کو جھوٹے اوربے بنیاد الزام لگانے والے لوگوں سے چھٹکارا دلائے اورملک وقوم کو ایسی قیادت ملے جو امانت ، دیانت اورمحنت کو شعار بنا کر پاکستان کو صحیح معنوں میں قائدؒ و اقبالؒ کا پاکستان بنائے۔ وزیرمملکت عبدالرحمن کانجو اور لیگی رہنما صدیق بلوچ سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا جنوبی پنجاب سے پسماند گی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین تر جیح ہے اور جنوبی پنجاب میںاربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں ۔ جنوبی پنجاب کی ترقی مجھے بے حد عزیز ہے۔ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔