ایشین گیمز ویمن کوالیفائنگ راؤنڈ، قومی ٹیم تھائی لینڈ روانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپوٹس )ایشین گیمز ویمن کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے لیے پاکستان ویمن ٹیم رضوانہ یاسمین کی قیادت میں تھائی لینڈ روانہ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی کپتان رضوانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ اور پی ایچ ایف انتظامیہ کی کوششوں سے ویمن ہاکی ٹیموں کو بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے انشااﷲ اپنی سے مضبوط ٹیموں کو ٹف ٹائم دیا جائے گا جبکہ ہم پلہ اور کمزور ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ہماری ٹیم نے کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں اچھی پریکٹس کی ہے، قومی کی دعاؤں کی ضرورت ہے انشااﷲ اچھے نتائج حاصل کرنے کی کوشش کرینگے۔ اس موقع پر پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپئن سعید خان کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں ہم نے فاروڈ لائن اور ڈیفنس لائن پر بہت محنت کی ہے۔ امید کرتا ہوں ہماری ویمن کھلاڑی کوالیفائنگ راؤنڈ میں اچھی کاکردگی دکھائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے لیے زیادہ وقت نہیں ملا ہے جتنا بھی وقت ملا ہے اس میں ہم نے بہترین تیاری کرنے کی کوشش کی ہے۔ ٹورنامنٹ آسان نہیں ہے ہمیں سخت حریفوں کا سامنا ہوگا۔