آل پاکستان انٹر بورڈزگرلز ہینڈ بال چیمپئن شپ ملتان نے جیت لی
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز ہینڈ بال چیمپئن شپ ملتان نے جیت لی۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ڈیرہ غازی خان کی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز ہینڈ بال چیمپئن شپ کا فائنل، ملتان میں تعلیمی بورڈ کے گراؤنڈ پرجشن کا سماں، آخری معرکے میں میزبان ملتان اور ڈیرہ غازی خان کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں۔ دونوں ٹیموں کا عمدہ کھیل، پوائنٹس بنانے کے لئے کھلاڑیوں نے خوب مہارت اور پھرتی دکھائی۔کانٹے دار مقابلے میں ملتان نے ڈیرہ غازی خان کو گیارہ کے مقابلے میں تیرہ پوائنٹس سے ہرا کر ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔ فاتح ٹیم کا ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا، شائقین نے بھی ایونٹ کا بھرپور لطف اٹھایا۔ تعلیمی بورڈ کے حکام نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔