جہلم: غیرت کے نام پر چھوٹے بھائی اور اسکی خاتون دوست کو قتل کردیا
جہلم (نامہ نگار) سوہاوہ کے نواحی قصبہ گجر کٹاریاں میں غیرت کے نام پر چھوٹے بھائی اور خاتون کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ،ملزم آصف نے اسوقت اپنے بھائی عظیم اور خاتون کو گولیاں ماری جب وہ شادی شدہ خاتون کو بھگا کر لایا ۔ اطلاع ملنے پر تھانہ ڈومیلی پولیس موقع پر پہنچ گئی جب کہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ پہنچایا ڈی پی او بھی ہسپتال پہنچ گئے ہیں ،مقتول کے قریبی رشتہ داروں نے بتایا کہ مقتولین پہلے سے شادی شدہ ہیں، مقتول عظیم کا ایک بیٹا بھی ہے جبکہ مقتولہ راشدہ پروین بھی ایک بیٹی کی ماں ہے راشدہ کا خاوند بیرون ملک مقیم ہے ، پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقتولہ کے بھائیوں نے بتایا کہ قاتل نے واقعہ سے ایک گھنٹہ قبل مقتولہ کی بیٹی کو ہمارے ایک قریبی رشتہ دار کے حوالے کیا اور بتایا کہ عظیم نے جو کام کیا اس پر شرمندگی ہے آپ یہ بچی راشدہ پروین کے گھر پہنچا دیں۔ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کے ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔