• news

کابینہ کمیٹی کا اجلاس‘پمز کے بجٹ‘ ادویات خریداری میں بے ضابطگیوں کی تفصیلات طلب

اسلام آباد ( وقائع نگار) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر محمد طلحہ محمود نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے بجٹ میں بے ضابطگیوں ، کم نرخوں کی کمپنیوں کی بجائے دوسری کمپنیوں سے ادوایات خریدری میں اضافی ادائیگیوں پر اگلے اجلاس میں پمز کی پرچیز کمیٹی متعلقہ ممبران و افسران کو مکمل تفصیلات کے ساتھ طلب کر لیا ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کس طریقے سے ادارے چلیں گے بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹرز کو کئی سالوں سے مستقل نہ کرنے اور تنخواہیں ادا نہ کرنے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی تجربہ کار ڈاکٹرز کی تنخواہ روکی گئی ہے ،کیوں تنخواہ جاری نہیں کی جارہی حالانکہ بجٹ بھی موجود ہے ۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ ڈاکٹرز کو 2015 سے تنخواہیں نہیں دی جارہی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر الطاف نے بتایا کہ ڈاکٹرز کو مستقل کرنے کیلئے منظوری اعلیٰ سطح کمیٹی دے گی ۔ فیصلہ سیکرٹری خزانہ نے کرنا ہے ۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ شعبہ امراض قلب کے ڈاکٹرز کے کنٹریکٹ میں فوری طور پر توسیع کی جائے ۔ چیئرمین کمیٹی نے ڈاکٹرز اور سیکرٹری کیڈ کی اگلے ہفتے ملاقات کی ہدایت دے دی ۔ چیئرمین کمیٹی نے ہدایت دی کہ پچھلے تین سالوں میں خریدی گئی ادوایات کا ریکارڈ فراہم کیا جائے ۔فیڈرل جنرل ہسپتال چک شہزاد اسلام آباد کے ڈاکٹرز اور ملازمین کو مستقل نہ کیے جانے کے معاملے پر کمیٹی نے سفارش کی کہ نئی بھرتی کی بجائے ان کو مستقل کر دیا جائے ۔ اجلاس میں سی ڈی اے میں ڈیپوٹیشن پر اور کم عہدوں کے ملازمین کی اپنے گریڈ سے بڑھ کر عہدے پر تعیناتی کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں ۔ چیئرمین کمیٹی نے اگلے اجلاس میں صنعتی ،تجارتی پلاٹوں کی مد میں وصول کردیا ٹیکس اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفصیلی بھی طلب کر لیں ۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ چیئرمین سی ڈی اے کے خالی عہدے پر فی الفور تعیناتی کی جائے ۔ پشاور موٹر سے نیو ایئر پورٹ اسلام آباد تک میٹرو بس منصوبے کی بریفنگ میں این ایچ اے کے ممبر التمش خان نے بتایا کہ منصوبے کے چاروں حصے 31 جنوری تک مکمل ہو جائیں گے اور رویہ میٹرو کی سٹرکیں کھول دی جائیں گی ۔ میٹرو بس سروس مئی 18 میں شروع ہو جائے گی ۔اجلاس میں سینیٹرز کامل علی آغا، حاجی سیف اللہ بنگش ، کلثوم پروین ، خوش بخت شجاعت کے علاوہ سیکرٹری کیڈ اظہر چوہدری ، ممبر این ایچ اے التمش خان ، ای ڈی پمزڈاکٹر الطاف ، ممبر سی ڈی اے فنانس فہد عزیزکے علاوہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

ای پیپر-دی نیشن