قصور واقعہ نے حکمرانوں کی نااہلی ثابت کر دی: پی ٹی آئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) تحریک انصاف کورکمیٹی کے رکن و سابق گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ قومی خزانہ بچانے کے لئے کرپٹ عناصر کے ’’ہاتھ بندھنا‘‘ ہی ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے قصور کے دلخراش سانحہ پر گہری دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آج ہی قصور کا دورہ کریں گے ۔ در حقیقت قصور کے انسانیت سوز واقعہ سے حکمرانوں کی نااہلی ایک بار پھر بے نقاب ہوگئی ہے۔ پنجاب کے حکمرانوں نے ’’سرکاری گلوئوں ‘‘ کی فائرنگ سے مزید 2 شہریوں کو موت کی نیند سلا کر ثابت کیا ہے کہ اصل میں کسی کی حکومت کام نہیں کر رہی ۔ عوام کو پیغام دیا گیا انصاف مانگو گے تو سیدھی گولیاں ماری جائیں گی پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطحی وفد نے سانحہ قصور کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شرکت کی اور پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے لواحقین سے اظہار تعزیت کی، بعدازاں اعجاز احمد چوہدری نے وفد کے ہمراہ زینب کے چچا سے ملاقات کی۔سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس نے قصور میں ماڈل ٹائون کے واقع کی یاد تازہ کر دی، ڈاکٹر شاہد صدیق خان نے کہاہے کہ ن لیگ کی حکومت عوام کا تحفظ کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔