بھارت …یہ ثقافتی دہشتگردی!!
دورِ حاضر میں الیکٹرانک میڈیا کی اثر پذیری اور قوت سے بھلا کسے انکار ہو سکتا ہے یہ الگ بات ہے کہ اس کا استعمال بالعموم منفی ڈھنگ سے ہی کیا جاتا ہے مثال کے طور پر بڑے سے بڑا سرمایہ دار معقول معاوضہ دیئے بغیر چند سیکنڈ کا اشتہار بھی نہیں چلا سکتا مگر جرائم پیشہ افراد کا تذکرہ اس میڈیا پر اتنے تسلسل کے ساتھ ہوتا ہے کہ بعض اوقات لگتا ہے کہ ابلاغ کا یہ ذریعہ شاید جرائم کی تشہیر کے لئے ہی وجود میں آیا ہے۔ بہر کیف یہ تو شاید جملہ معترضہ ہے۔دوسری جانب بعض حکومتیں بھی اس ضمن میں میڈیا کے ذریعے اپنے پسماندہ طبقات کا استحصال اس انداز میں کرتی ہیں کہ گویا یہ ان کی ریاستی پالیسی کے بنیادی نکا ت کا حصہ ہے۔مبصرین کی رائے ہے کہ ہندوستان 15 اگست 1947 کووجود میں آیا تو دنیا بھر کے انسان دوست حلقوں کو توقع تھی کہ یہ ملک آگے چل کر محکوم قوموں کے علم بردار کے طور پر کام کرے گا کیونکہ ہندو قوم لگ بھگ 1200 سال تک بڑی حد تک محکوم رہی ہے اس وجہ سے اس کے بالا دست طبقات کو بخوبی احساس ہو گا کہ غلام قومیں کس حد تک ذہنی ابتری کا شکار ہوتی ہیں مگر بھارتی حکمرانوں نے اپنی آزادی کے بعد اپنی روش سے ثابت کر دیا کہ ان کی بابت جن خوش گمانیوں کا اظہار کیا جا رہا ہے وہ سراسر خوش فہمی تھیں۔یادرہے کہ دہلی کے حکمران سوچے سمجھے ڈھنگ سے اپنی اقلیتوں کے خلا ف ریاستی دہشتگردی کا کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ محض سفارتی،سیاسی یا مذہبی محاذ پر ہی نہیں چل رہا بلکہ زندگی کا کوئی شعبہ اس منفی روش سے محفوظ نہیں۔اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر دہلی کے بالا طبقات نے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے استحصال کا عمل بھی شروع کر رکھا ہے یہ بات کچھ عرصہ قبل تب سامنے آئی جب پرویز دیوان نامی سابق بھارتی عہدے دار نے CULTURAL IMPERIALISMکے نام سے کتاب لکھی ۔یہ ضخیم کتاب دو جلدوں پر مشتمل ہے۔
پرویز دیوان کے مطابق انھوں نے 20 سال کی محنت کے بعد یہ کام مکمل کیا۔یہ کتاب اس لحاظ سے منفرد قرار پاتی ہے کہ اس میں بھارتی معاشرت میں مختلف مذہبی گروہوں اور لسانی اقلیتوں کا نئے ڈھنگ سے جائزہ لیا گیا ہے۔مصنف کے بقول انھوں نے 786 ہندی فیچر فلموں،بھارتی ٹی وی سے دکھائے جانے والے 300 سے زائد سلسلہ وار ڈراموں اور دور درشن کے 400 اشتہارات کا بغور جائزہ لے کر اس کتاب کو مرتب کیا ہے۔ مذکورہ تحقیق میں اس امر کا تفصیلی تذکرہ ہے کہ بھارتی فلمیں اور ٹی وی چینلز کس طرح اپنی نشریات کے ذریعے اقلیتوں کو چھوٹی سطح کے انسانوں اور معاشرتی حیوان کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔مصنف کے مطابق ہندی فلموں میں سکھوں کو عمومی طور پر مالی لحاظ سے نسبتاً خوشحال مگر عقل سے پیدل انسانوں کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جبکہ عیسائی مردوں کو شکل اور جسمانی لحاظ سے بھدے روپ میں دکھایا جاتا ہے جن کے ایک ہاتھ میں ہمیشہ شراب وغیرہ کی بوتل دکھائی جاتی ہے یا پھر انھیں غنڈوں کے روپ میں پیش کیا جاتا ہے گویا ان کا مقصدِ حیات ہی غنڈہ گردی اور مہ نوشی ہو۔یہ لوگ کسی نہ کسی مافیا گروہ کی معمولی کٹھ پتلیوں کے طور پر جرائم کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ان گروہوں کے سربراہ اکثر اونچی ذات کے ہندو ہوتے ہیں جو ہندی بولنے والے آریا نسل سے متعلقہ ہوتے ہیں یوں بالواسطہ طور پر اونچی ذات کے ہندووں کو قوت کی علامت کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔اس سارے کھیل کا مقصد شعوری طور پر اونچی ذات کے ہندووں کی برتری کا احساس دلانا ہوتا ہے۔اس تحقیق کے مطابق عیسائی مردوں کو شاید ہی کسی ہندو عورت سے شادی کرتے دکھایا جاتا ہے اور کبھی ایسا ہوتا بھی ہے تو ایسی شادی کا انجام تباہی اور بے سکونی پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔اس کے بر عکس عیسائی خواتین کو جسمانی لحاظ سے دلکش مگر اخلاقی طور پر انتہائی پست ظاہر کیا جاتا ہے۔جو بے تکلفی سے سگریٹ نوشی اور شراب کی رسیا ہوتی ہیں۔بھارتی فلموں اور ڈراموں میں مسلمانوں کو روایتی حلیہ میں پیش کرنا لازمی خیال کیا جاتا ہے جو زیادہ تر بوڑھے، معذور، نچلے درجے کے ماتحت اور لالچی طبیعت کے ہوتے ہیں۔اگر کسی وجہ سے وہ ان کیٹگریز میں شامل نہیں کیے جاتے تو پھر مسلمان کرداروں کی کثیر العیالی کے ذریعے فلم یا ڈرامے میں گھٹیا درجے کا مزاح پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔البتہ ایک آدھ مسلمان کردار کو مثبت مگر اذیت پسند دکھایا جانا ضروری سمجھا جاتا ہے۔پارسی مذہب سے تعلق رکھنے والوں کو ہمیشہ سست الوجود اور اپاہج دکھانا بھارتی الیکٹرانک میڈیا اپنا فرض سمجھتا ہے۔شمال مشرقی بھارت اور چینی نسل کے افراد کو زیادہ تر زیرِ زمین سرگرمیوں میں ملوث ظاہر کیا جاتا ہے۔جنوبی ہندوستان کے تامل باشندوں کو شیطان صفت اور حیدر آباد دکن سے متعلقہ کرداروں کو مضحکہ خیز حد تک ’’جوکر‘‘ کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے۔سنجیدہ حلقوں کیمطابق وقت آگیا ہے کہ بھارتی الیکٹرانک میڈیا کی اس ثقافتی استحصال کی پالیسی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے وگرنہ جلد یا بدیر بھارتی اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آئے گا جس کے اثرات بھارت کے حکمرانوں کو بھگتنے پڑیں گے۔